پاکستان نے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر دنیا میں اپنی طاقت منوائی، خواجہ آصف

ہفتہ 31 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر دنیا میں اپنی صلاحیت اور طاقت منوائی ہے۔ ان کے مطابق بھارت نے بھی اس کامیابی کو تسلیم کیا، جو پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر جو اہمیت اور نمایاں مقام حاصل ہوا، اس کے نتیجے میں ملک کی سفارتی کوششیں آج بھی جاری ہیں اور پاکستان نے اسلامی دنیا کو ایک نئی راہ دکھائی ہے۔

یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کئی برس سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں اور اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے ملک کی آزادی اور سلامتی کا تحفظ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی صرف عسکری میدان تک محدود نہیں رہی بلکہ اس نے دنیا کو یہ احساس دلایا کہ ایک ملک اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کرکے کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں اور ملک نے اسلامی دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ بیرونی طاقتوں کے فوجی اڈے لازماً متعلقہ ملکوں کے تحفظ کے لیے نہیں ہوتے بلکہ ان کے اپنے مفادات بھی ان سے وابستہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی حفاظت کا اصل ذریعہ اس کی اپنی صلاحیت اور قوت ہوتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے 78 برس میں عالمی سفارتی سطح پر ایک اہم مقام حاصل کیا ہے، تاہم ملک کے نظام اور سیاسی حالات کی ذمہ داری سے سیاست دان خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے۔ ان کے بقول گزشتہ کئی دہائیوں میں قومی سطح پر ہونے والی ناکامیوں میں ہم سب کا حصہ ہے اور وہ خود کو بھی اس نظام سے الگ یا بے قصور نہیں سمجھتے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک پر حملہ آور دہشتگردوں کے لیے پی ٹی آئی حکومت نے خزانے کا منہ کھول رکھا تھا، ایمرجنسی ناگزیر ہو چکی تھی، خواجہ آصف

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بعض اوقات پہلے کسی شخص کو گرفتار کیا جاتا ہے اور بعد میں اس کے خلاف الزامات تلاش کیے جاتے ہیں۔ اپنے سیاسی سفر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بھی قید رہے اور بعد ازاں 2020 میں نیب کی تحویل میں تقریباً ساڑھے چھ سے سات ماہ گزارے۔ ان کے بقول دونوں مرتبہ انہیں گرفتار کرنے والے ان کے خلاف الزامات واضح نہیں کرسکے۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً 21 برس بینکاری کے شعبے میں کام کیا اور 1991 میں عملی سیاست میں قدم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے لوگوں نے انہیں 36 برس سے عزت اور اعتماد دیا ہے۔ وزیر دفاع نے طلبہ سے ملاقات کو اپنے لیے باعثِ مسرت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں سے مل کر انہیں نئی توانائی ملتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp