ملک میں رواں سال پولیو کا آٹھواں کیس سامنے آگیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں 13 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
این ای او سی کے مطابق رواں سال خیبر پختونخوا میں پولیو کے 6 جبکہ سندھ میں 2 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ پشاور اور خیبر کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے حکام کے مطابق ملک بھر کے 97 اضلاع میں 2 سے 8 نومبر تک انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم کے دوران تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے سامنے آنے والے کیس کی تفصیلی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق وائرس کی مزید منتقلی روکنے کے لیے سائنسی شواہد کی بنیاد پر مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔











