پاکستان کرکٹ ٹیم پر سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں سلو اوور ریٹ کے باعث میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ہفتے کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرانے کا مرتکب پایا گیا، جس پر میچ ریفری جیف کرو نے پاکستانی ٹیم پر جرمانہ عائد کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی سیریز کا فائنل، فخر زمان کی سری لنکا کے خلاف شاندار سینچری، ون ڈے کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور
آئی سی سی کے بیان کے مطابق پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے سزا قبول کرلی۔ یہ جرمانہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت عائد کیا گیا ہے، جس کے مطابق مقررہ وقت میں ہر اوور کم کرانے پر کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کیا جاتا ہے۔
پاکستان کے خلاف سلو اوور ریٹ کا چارج آن فیلڈ امپائرز احسن رضا اور وین نائٹس، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور فورتھ امپائر راشد ریاض نے عائد کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سہ فریقی ون ڈے سیریز: پاکستان اور سری لنکا پر سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانہ
واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز کے فائنل میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے تھے، پاکستان نے 326 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 9 گیندیں قبل حاصل کرکے 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 127 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری تھی، جس کی بدولت پاکستان ابتدائی وکٹیں گرنے کے باوجود ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔










