سہ فریقی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے ہاتھوں سری لنکا کو شکست کے بعد دونوں ٹیموں کو سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جبکہ سری لنکن ٹیم پر 5 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان کی ٹیم مقررہ وقت میں 2 اوورز کم کر سکی، جبکہ سری لنکن ٹیم بھی مقررہ وقت سے ایک اوور پیچھے رہی، جس پر دونوں ٹیموں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے سلو اوور ریٹ سے متعلق اپنی غلطی تسلیم کرلی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ فریقی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ اتوار کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔
تاہم افتتاحی میچ میں کامیابی کے باوجود پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے کے باعث آئی سی سی کی جانب سے جرمانے سے نہ بچ سکی۔











