چوہدری شجاعت کے بیٹے وفاقی وزیر سالک حسین کے پنجاب حکومت پر کرپشن الزامات، حکومتی اتحاد میں کیا چل رہا ہے؟

منگل 3 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ وہ روزانہ پنجاب میں کرپشن کی لاتعداد کہانیاں سنتے ہیں، جن میں سے کئی درست بھی ہوتی ہیں۔ ان کے بقول کرپشن کے معاملات اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ اب فائلیں نہیں بلکہ الماریاں بھر گئی ہیں اور ان کہانیوں کو باقاعدہ نوٹ بھی کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے قیصر احمد شیخ کے نظام سے متعلق بیانات کو سو فیصد درست اور حقیقت پر مبنی قرار دیا، تاہم اعتراف کیا کہ ان کے پاس ان الزامات کے حوالے سے براہِ راست کوئی دستاویزی شواہد موجود نہیں۔

بجٹ کی تقسیم پر تنقید کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پنجاب کا پورا بجٹ سمیٹ کر لاہور لایا جاتا ہے اور پھر حکمران اپنی صوابدید کے مطابق اسے تقسیم کرتے ہیں۔ جن حلقوں یا اضلاع سے حکومتی امیدوار کامیاب ہوتے ہیں، وہاں ترقیاتی فنڈز کے انبار لگا دیے جاتے ہیں، جبکہ جہاں حکومتی نمائندے کامیاب نہیں ہوتے، وہاں کے پورے اضلاع کو بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں سے محروم رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے نظام میں جان بوجھ کر رکاوٹیں پیدا کرنے، وزراء کے ہاتھ پاؤں باندھنے اور اقتدار کے مزے لینے والوں کے طرزِ عمل پر بھی سوالات اٹھائے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا ردعمل

چوہدری سالک حسین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب میں پسند ناپسند کا کلچر ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا ہے۔ پنجاب میں قبضہ مافیا اور رسہ گیروں کا راستہ بند ہو چکا ہے اور سفارشوں کے ذریعے ڈیرے کے ملازمین پالنے کا رواج بھی ختم ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی مرضی کا ایک ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) تعینات نہ ہونے پر اتنا غصہ جائز نہیں، کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب کسی کے کہنے پر ڈی سی تعینات نہیں کرتیں۔

عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ تمام شہروں میں بلاامتیاز یکساں ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ پورے صوبے میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، جبکہ لاہور کے بچوں کو ملنے والے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس گجرات، ملتان، رحیم یار خان، ساہیوال اور سرگودھا کے طلبہ کو بھی دیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے سالک حسین کے بیان پر عظمیٰ بخاری کا ردعمل، ڈی سی کی تعیناتی نہ ہونے پر غصے کو نامناسب قرار دیدیا

ان کے مطابق الیکٹرک بسوں، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام اور صفائی کے نظام کی سہولیات بھی دیہی علاقوں تک یکساں پہنچائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے بجٹ شفاف اور منصفانہ طریقے سے چھوٹے شہروں تک منتقل کیا ہے۔ وہ سرکاری جہاز کے استعمال کے اخراجات ادا کرنے والی پہلی وزیراعلیٰ ہیں، جبکہ گجرات میں پہلی مرتبہ 12 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے چوہدری سالک حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس تھالی میں کھا رہے ہیں، اسی میں چھید نہ کریں۔ بیان بازی کرنے کے بجائے اگر وہ شافع حسین سے حقائق معلوم کر لیتے تو بہتر ہوتا۔

ندیم افضل چن: یہ کوئی اور نہیں، چوہدری شجاعت حسین کا بیٹا کہہ رہا ہے

چوہدری سالک حسین کے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ اور بہت بڑا بیان ہے، کیونکہ یہ بات کوئی عام وزیر نہیں بلکہ چوہدری شجاعت حسین کا بیٹا کہہ رہا ہے، جن کا بھائی بھی پنجاب میں وزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ یہ بات کر رہے ہیں تو حکومت کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔ اس سے پہلے بھی تین وزراء اس نوعیت کے بیانات دے چکے ہیں۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ یہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے، اس لیے چائے کے کپ کے اخراجات کا بھی حساب دینا چاہیے، سرکاری جہاز تو بہت بڑی چیز ہے۔

انہوں نے سالک حسین کی متعدد باتوں کو  حقیقت پر مبنی قرار دیتے ہوئے بالخصوص بجٹ کی تقسیم، پسند ناپسند کی بنیاد پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی، صوبائی مالیاتی کمیشن کی عدم موجودگی اور مقامی حکومتوں کے غیر فعال ہونے کی نشاندہی کی۔

یہ بھی پڑھیے چوہدری شجاعت کی اڈیالہ جیل میں پرویز الٰہی سے ملاقات، کیا راز و نیاز ہوئے؟

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے الزامات سمیت ان تمام معاملات پر صوبائی یا وفاقی حکومت کو جواب دینا چاہیے۔

سرکاری جہاز اور شاہانہ اخراجات پر بات کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ سرکاری خزانہ عوام کا پیسہ ہے، جو غریبوں کے علاج، تعلیم اور بنیادی ضروریات پر خرچ ہونا چاہیے۔ اس لیے حکمرانوں کو اخراجات کا حساب دینا پڑتا ہے اور نوآبادیاتی طرزِ حکمرانی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

وزراء کے ہاتھ پاؤں باندھنے کے بیان پر انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے ہیں تو اسے عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔ مراعات لے کر عہدے پر بیٹھے رہنے کا کیا فائدہ؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp