مریم نواز کی حسن ابدال میں ‘اپنی چھت اپنا گھر’ اسکیم سے مستفید خاندان کے ساتھ کھانا، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

منگل 3 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حسن ابدال میں ‘اپنی چھت اپنا گھر’ منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والے گھر میں ایک خاندان کے ساتھ کھانا کھایا اور اس موقع پر بنائی گئی تصاویر اور اپنے تاثرات سوشل میڈیا پر شیئر کردیے۔

مریم نواز نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ اس خاندان نے حکومتی اسکیم کے تحت اپنا گھر تعمیر کیا ہے اور اب تمام افراد اپنی چھت تلے پُرسکون زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے خاندان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ انہیں ہمیشہ خوش اور آباد رکھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’غریب اور امیر کے بچے یکساں مواقع کے حقدار ہیں‘، مریم نواز کا سرکاری تعلیم کے معیار میں بڑی تبدیلی کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب نے گھر میں تیار ہونے والے کھانے کا ذکر بھی دلچسپ انداز میں کیا اور کہا کہ انہوں نے شاید ہی کبھی اتنی مزیدار بھنڈی اور دال کھائی ہو۔

مریم نواز کی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔ بعض صارفین نے ان کے دورے اور عوامی رابطے کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ کچھ نے انہیں اپنے گھروں میں بھی مدعو کیا اور روایتی کھانے کھلانے کی پیشکش کی۔

ایک صارف نے مریم نواز کو پشتون گھروں کی مکئی کی روٹی، دیسی سبزی، اچار اور روایتی کھانے چکھنے کی دعوت دی، جبکہ ایک اور صارف نے انہیں قیمہ کڑھی کھلانے کی خواہش ظاہر کی۔

اقرا شہزادی نامی صارف نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ لوگ واقعی خوش نصیب ہیں جن کے گھر آپ گئیں، ان کے ساتھ کھانا کھایا اور انہیں یہ خوبصورت لمحہ نصیب ہوا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے شہر منڈی بہاؤالدین آنے کی دعوت دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے شہر آمد کے موقع پر نہ دیدار ہوسکا اور نہ ملاقات۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سفارش کا دور ختم ہوچکا، کسی بااثر شخص کو غریب کا حق نہیں مارنے دیں گے، مریم نواز

ایک اور صارف رانا جمشید علی خان نے شعر ‘پیدا کیا انسان کو دردِ دل کے واسطے، ورنہ عبادت کے لیے کچھ کم نہ تھے کرو بیاں’ شیئر کرتے ہوئے مریم نواز کو احترامِ انسانیت اور خدمتِ خلق کا عملی نمونہ قرار دیا۔

دوسری جانب بعض صارفین نے طنزیہ تبصرے بھی کیے۔ ایک صارف نے ان کے کھانے کو ڈائٹنگ سے جوڑتے ہوئے جملہ کسا، جبکہ ایک اور نے ان کی ویڈیو یا تصاویر پر اداکاری سے متعلق تنقید کی۔ تاہم کئی صارفین نے ‘اپنی چھت اپنا گھر’ منصوبے کے تحت خاندانوں کو رہائش کی سہولت ملنے پر تبصرے کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp