وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جعلی کورٹ فیس ٹکٹوں کے ذریعے قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائی پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مافیاز درحقیقت قومی مجرم ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ جعلی کورٹ فیس ٹکٹوں کے ذریعے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا تاریخی اقدام قابل تحسین ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا حسن ابدال میں ‘اپنی چھت اپنا گھر’ اسکیم سے مستفید خاندان کے ساتھ کھانا، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے
انہوں نے اس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کرپشن اور جرائم کے خلاف عدلیہ اور انتظامیہ کا ایک صفحے پر ہونا بہتری کی نوید ہے۔
’قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے مافیاز کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔‘
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا وفاقی وزیر سالک حسین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں کرپشن کے خاتمے کی کوششوں میں معاونت پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے خلاف مؤثر اقدامات اور اداروں کے درمیان تعاون سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب میں کرپشن کے خاتمے اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔










