آسٹریلیا کے معروف جارح مزاج بلے باز کرس لین نے کوکین استعمال کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے بعد انہیں ایک ماہ کی معطلی کی سزا بھگتنا پڑی۔ 36 سالہ کرکٹر کا ڈوپ ٹیسٹ گزشتہ سال جولائی میں انگلینڈ میں کھیلے گئے ٹی 20 بلاسٹ کے فائنلز ڈے کے موقع پر مثبت آیا تھا۔
کرس لین کا 18 جولائی کو معمول کے مطابق اینٹی ڈوپنگ ٹیسٹ لیا گیا تھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اسی روز ان کی ٹیم نارتھمپٹن شائر نے تیسری مرتبہ ٹی 20 بلاسٹ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ لین نے فائنلز ڈے پر کھیلے گئے دونوں میچوں میں بالترتیب 39 اور 4 رنز بنائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا، بگ بیش لیگ کھیلتے رہیں گے
ان کے پیشاب کے نمونے فرانس کی لیبارٹری بھجوائے گئے جہاں کوکین کے استعمال سے پیدا ہونے والے مادے بینزوئیلیک گونین (Benzoylecgonine) کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
ٹورنامنٹ کے بعد کرس لین لنکا پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے سری لنکا روانہ ہوئے جہاں انہوں نے گال گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے صرف ایک میچ کھیلا۔ تاہم 29 جولائی کو ٹانگ کی انجری کے باعث انہیں ایونٹ سے دستبردار ہونا پڑا۔ اس دوران 31 جولائی کو کرکٹ ریگولیٹر نے انہیں ڈوپ ٹیسٹ کے مثبت نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے عارضی طور پر معطل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق کپتان محمد یوسف نے بابراعظم کو فرسٹ کلاس کرکٹ سے دور رکھنے کا مشورہ کیوں دیا؟
کرس لین نے تین ہفتے بعد کوکین استعمال کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے یہ مادہ کھیل کے مقابلے سے باہر استعمال کیا تھا اور اس کا ان کی کرکٹ کارکردگی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ان کے مطابق کوکین کا استعمال 15 جولائی کی شام سے 16 جولائی کی علی الصبح تک کیا گیا تھا۔
کرکٹ ریگولیٹر نے ابتدائی طور پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے اینٹی ڈوپنگ ضابطوں کے تحت ان کے خلاف دو الزامات عائد کیے تھے تاہم بعد ازاں ایک الزام واپس لے لیا گیا کیونکہ نمونے میں پائے جانے والے مادے کی مقدار ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے مقررہ معیار سے کم تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ تاریخ میں کھیل کا انوکھا اختتام، آؤٹ قرار دیے گئے شاداب خان نے میچ کیسے جتوا دیا؟
کرس لین کے خلاف ابتدائی طور پر تین ماہ کی پابندی زیر غور تھی تاہم منظور شدہ علاج اور بحالی پروگرام مکمل کرنے کی تصدیق کے بعد ان کی سزا کم کرکے ایک ماہ کر دی گئی۔ انہوں نے 30 اگست کو یہ پروگرام مکمل کیا تھا۔
پابندی کی مدت پوری ہونے کے باوجود کرس لین اب تک پروفیشنل کرکٹ میں واپسی نہیں کر سکے۔ وہ تاحال بگ بیش لیگ کے کسی معاہدے پر دستخط نہیں کر پائے تاہم آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ان کے میلبورن رینیگیڈز کے ساتھ معاہدے کی شرائط طے پا چکی ہیں۔











