پی ٹی آئی کی 4 سے 5 فرنچائزز ہیں، کس سے مذاکرات کریں؟ گورنر فیصل کریم کنڈی کا سوال

جمعہ 6 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 4 سے 5 فرنچائزز ہیں، سمجھ نہیں آتا کہ کس پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔ سیاست میں مذاکرات ہونے چاہییں لیکن پی ٹی آئی والے پہلے خود متحد ہو جائیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلی ترجیح دہشتگردی کے خلاف جنگ اور امن و امان کا قیام ہے، جبکہ کرپشن میں ملوث تمام افراد کو سزائیں ملنی چاہییں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انہیں شہریوں کی مشکلات کا احساس ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ انڈر پاس کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔ تاہم شہریوں کو اس دوران تھوڑی سی مشکلات برداشت کرنا پڑیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری ہے، اگر میرے فارم ہاؤس میں بھی تجاوزات ہیں تو انہیں بالکل گرانا چاہیے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے وفاقی حکومت کی جانب سے 160 ارب روپے کا ریلیف پیکیج دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں خیبرپختونخوا کا مقدمہ پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے، جبکہ کرپشن میں جو بھی ملوث ہو، ان سب کو سزائیں ملنی چاہییں۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 4 سے 5 فرنچائزز ہیں، ایسے میں کس پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں؟ سیاست میں ڈائیلاگ ہونے چاہئیں لیکن پی ٹی آئی والے پہلے خود متحد ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی توجہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اور صوبے میں امن و امان کا قیام ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی عزت کرتے ہیں اور انہیں اچھا سیاستدان سمجھتے ہیں۔

تاہم انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا غریبوں کے بچوں کو جہاد کے لیے افغانستان بھیجتے ہیں، جبکہ اپنے بچوں کو یورپ بھیجتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان خود ترکیہ، امریکا اور یورپ کے سیر سپاٹے کرتے ہیں، جبکہ غریبوں کے بچوں کو افغانستان میں جہاد کے لیے بھیجتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنے بھائی اور بیٹوں کی وجہ سے یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔ آپ غریبوں کے بچوں کو جہاد کے لیے افغانستان بھیجتے ہیں اور خود ترکیہ جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp