دفاعی چیمپیئن پاکستان نے عثمان خان کی شاندار سنچری کی بدولت اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا۔
پاکستان نے گروپ اے کے میچ میں 225 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 37.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔ اوپنر عثمان خان نے ناقابل شکست سنچری جبکہ جہانگیر بلال نے نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان انڈر 19 ٹیم ایشیا کپ ٹائٹل کے دفاع کے لیے پُرعزم، کپتان فرحان یوسف کو تیاریوں پر اعتماد
دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 153 رنز کی شراکت قائم کی۔ جہانگیر بلال 87 گیندوں پر 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔
دوسری جانب عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوتھ ون ڈے کرکٹ میں اپنی چوتھی سنچری مکمل کی۔ وہ 120 گیندوں پر 139 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 21 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
عبدالقادر نے بھی 19 گیندوں پر ناقابل شکست 20 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 224 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ انڈر19 فائنل میں 172 رنز بنانے والے سمیر منہاس کا قومی ٹیم میں پسندیدہ کھلاڑی کون؟
متحدہ عرب امارات کی جانب سے 8ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے نوراللہ ایوبی نے 55 گیندوں پر 70 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ یاین کرن رائے نے 74 گیندوں پر 47 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔
زین اللہ رحمانی نے 44 گیندوں پر 28 جبکہ احمد خداداد نے 21 گیندوں پر 16 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے محمد سمیع نے 10 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حسنین عباس ڈار، رضوان اللہ اور علی رضا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نقاب شفیق نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔











