ضلع لیہ میں بڑھتی ہوئی آبادی اور وقت کے بدلتے تقاضوں کے پیش نظر بڑے ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت شدت اختیار کرگئی ہے۔ شہریوں نے سڑکوں کی تعمیر و بحالی، جدید اسپتالوں کے قیام، تعلیمی اداروں کی بہتری اور شہری بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے میگا پروجیکٹس شروع کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 2 اضلاع کے لاکھوں افراد کا رابطہ شدید متاثر، ہنجلی دوہٹہ کا ٹوٹا پل تاحال نامکمل، مایوس عوام کی امیدیں نئے صوبوں سے بندھ گئیں
شہریوں کا کہنا ہے کہ لیہ کو ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ کی تقسیم میں خصوصی ترجیح دی جائے تاکہ ضلع میں بنیادی سہولیات کا معیار بہتر بنایا جاسکے اور لوگوں کو صحت، تعلیم، صاف پانی اور آمدورفت کی بہتر سہولیات اپنے ہی علاقے میں میسر آسکیں۔
ان کے مطابق بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ انتظامی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مزید پڑھیے: مہمند میں اہم رابطہ سڑک خستہ حالی کا شکار، ہزاروں مکین مشکلات سے دوچار
شہریوں نے کہا کہ اس سے مقامی سطح پر فیصلے کرنے، عوامی مسائل کی بروقت نشاندہی اور انہیں فوری طور پر حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ لیہ کو بھی ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرتے ہوئے ایسے بڑے منصوبے شروع کیے جائیں گے جو نہ صرف ضلع کی مجموعی ترقی کا ذریعہ بنیں بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے میں بھی کردار ادا کریں۔
لیہ کے شہری اپنے علاقے میں ترقیاتی تبدیلیوں کے منتظر ہیں۔ ان کے مطالبات اور توقعات جاننے کے لیے دیکھیے یہ ویڈیو رپورٹ۔










