بھارتی لارنس بشنوئی گینگ کا اہم کارندہ ہری باکسر امریکا میں گرفتار

ہفتہ 7 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے اہم ساتھی ہری چند جٹ المعروف ہری باکسر کو امریکی ریاست کیلیفورنیا میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس کارروائی میں دہلی پولیس کے اسپیشل سیل اور ہریانہ اسپیشل ٹاسک فورس کی فراہم کردہ معلومات نے اہم کردار ادا کیا۔ بھارتی سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ادارے ممبئی میں فلم ساز روہت شیٹی کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سے ہری باکسر کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ بھارتی حکام اب مرکزی تحقیقاتی ادارے (سی بی آئی) کے ذریعے اسے بھارت واپس لانے کے لیے ضروری قانونی کارروائی شروع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے گینگسٹر لارنس بشنوئی نے دشمنی ختم کرنے کے لیے سلمان خان سے کتنی رقم کا مطالبہ کیا؟

ہری باکسر پر بالی وڈ اداکار سلمان خان سے تعلقات کی بنا پر روہت شیٹی، تشار کپور اور رنویر سنگھ سمیت متعدد شخصیات کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ اس نے کینیڈا میں اداکار اور کامیڈین کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ کی منصوبہ بندی بھی کی تھی۔

رواں سال جنوری میں ممبئی کے علاقے جوہو میں روہت شیٹی کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی ذمہ داری بھی اس نے سوشل میڈیا کے ذریعے قبول کی تھی۔ گزشتہ ماہ اداکار ٹائیگر شروف کو نشانہ بنانے کے لیے فائرنگ کے واقعے میں اس کے مبینہ نیٹ ورک کے ملوث ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔

راجستھان سے تعلق رکھنے والا ہری باکسر بیرون ملک بیٹھ کر لارنس بشنوئی گینگ کے بھتہ خوری کے نیٹ ورک کو چلانے میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ اسے ہری باکسر کا نام جے پور میں قیام کے دوران باکسنگ سیکھنے کی وجہ سے ملا۔ اس نے ابتدا میں معمولی لڑائی جھگڑوں سے جرائم کی دنیا میں قدم رکھا، تاہم بعد ازاں ڈکیتی اور اقدامِ قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہو گیا۔ بھارتی ریاست راجستھان کے مختلف اضلاع جے پور، الور، سیکر، دھول پور اور کرولی میں اس کے خلاف 10 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ وہ 2022 میں بھارت سے فرار ہو کر امریکا چلا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے جیل میں قید بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی کی ’ڈبہ کالنگ’ تکنیک کیا ہے؟

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بھارت کو مطلوب 2 گینگسٹرز ہمانشو بھاؤ اور نیرج فریدپوریا کو امریکا میں گرفتار کیا گیا تھا۔ دونوں کو بھارت میں متعدد قتل اور منظم جرائم کے مقدمات میں مطلوب قرار دیا گیا تھا۔ ہری باکسر کی گرفتاری کو لارنس بشنوئی گینگ کے بیرون ملک سرگرم نیٹ ورک کے خلاف ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp