پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید خان نے اپنے شوہر عتیق سے علیحدگی کے لیے لاہور کی فیملی عدالت میں خلع کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔
ان کی وکیل بیرسٹر خدیجہ صدیقی نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے معاملے پر قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے۔
بیرسٹر خدیجہ صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ صنم جاوید خان کی جانب سے فیملی عدالت میں خلع کی درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
ہم نے صنم جاوید خان کی جانب سے عدالت میں خلع کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔ یہ اس کا ذاتی معاملہ ہے، اس لیے تمام ذرائع ابلاغ اور مبصرین سے گزارش ہے کہ اس پر قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔
@sanamkh22 @22muradkhan https://t.co/EjafGF5l5W— khadija siddiqi (@khadijasid751) November 7, 2026
انہوں نے واضح کیا کہ یہ صنم جاوید کا ذاتی اور خاندانی معاملہ ہے، جس کی رازداری کا احترام کیا جانا چاہیے۔
خدیجہ صدیقی نے صحافیوں، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ افراد اور سوشل میڈیا مبصرین پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے، ذاتی تبصرے کرنے یا کسی بھی قسم کی قیاس آرائی سے اجتناب کریں تاکہ صنم جاوید کی نجی زندگی متاثر نہ ہو۔
درخواست دائر ہونے کے بعد فیملی عدالت نے ابتدائی نوٹس جاری کر دیے ہیں جبکہ فریقین کو آئندہ سماعت پر طلب کرنے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ صنم جاوید خان 9 مئی کے واقعات کے بعد سیاسی اور قانونی معاملات کے باعث خبروں میں رہی ہیں۔ انہیں مختلف مقدمات میں گرفتاریوں اور قید کا سامنا کرنا پڑا، وہ اس وقت بھی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔











