نیشنل کالج آف آرٹس میں داخلوں کا آغاز، آپ کیسے داخلہ لے سکتے ہیں؟

اتوار 3 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) نے ڈگری پروگرامز میں داخلوں کا آغاز کرتے ہوئے درخواستوں کے لیے آخری تاریخ 18 ستمبرمقرر کی ہے۔ این سی اے کے مطابق اوپن میرٹ، سیلف فنانس، سیلف سپورٹ اسکیم اور مخصوص نشستوں پر داخلوں کا آغاز کیا گیا ہے۔

این سی اے لاہور میں آرکیٹیکچر، فائن آرٹس، ڈیزائن (ویژول کمیونیکیشن ڈیزائن، ٹیکسٹائل ڈیزائن، پروڈکٹ ڈیزائن، سرامک ڈیزائن) میوزیکالوجی، فلم اینڈ ٹی وی اور کلچرل اسٹڈیز میں داخلوں کا آغاز کیا گیا ہے، جبکہ این سی اے راولپنڈی میں آرکیٹیکچر، فائن آرٹس اور ڈیزائن (ویژول کمیونیکیشن ڈیزائن، ٹیکسٹائل ڈیزائن) میں داخلوں کا آغاز کیا گیا ہے۔

این سی اے کے مطابق آن لائن داخلہ کی درخواست جمع کروانے کے لیے (اوپن میرٹ، سیلف فنانس، سیلف سپورٹ سکیم اور غیرملکی) امیدواروں کو براہ راست این ٹی ایس ویب سائٹ پر درخواستیں جمع کروانا ہونگی۔ ایک سے زائد کیمپس، شعبوں اور کوٹہ پر اپلائی کرنے کے لیے امیدواران ایک ہی درخواست فارم استعمال کرسکیں گے۔

آن لائن درخواست کا پرنٹ شدہ داخلہ فارم ضروری دستاویزات کی تصدیق شدہ کاپیوں کے ساتھ مقررہ تاریخ کے اندر این ٹی ایس سینٹرز پہنچانا ضروری ہوگا کیونکہ امیدواران کے لیے آن لائن رجسٹریشن کے بعد جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ چلان کے ذریعے پراسپیکٹس چارجز، کورئیرچارجز اور داخلہ ٹیسٹ فیس آخری تاریخ سے قبل جمع کرانا لازمی ہوگی۔

پراسپکٹس این ٹی ایس سنٹرز سے حاصل کرنے پر 3 ہزار فیس ادا کرنا ہوگی جبکہ کوریئر سے منگوانے پر 300 روپے کوریئر چارجز ادا کرنا ہونگے۔ ٹیسٹ فیس کی مد میں ایک ڈیپارٹمنٹ کے لیے 1200 روپے جبکہ ایک سے زائد ڈیپارٹمنٹس میں اپلائی کرنے کے لیے 800 روپے فی  ڈیپارٹمنٹ اضافی جمع کروانا ہونگے۔

داخلہ ٹیسٹ فیس بزریعہ ون لنک والے تمام بینکوں، اے ٹی ایم ، آن لائن، بینکنگ موبائل، ٹی سی ایس ایکسپریس کاونٹرز، جیز کیش اورایزی پیسہ پر ادا کی جاسکتی ہے۔ سیلف فنانس، سیلف سپورٹ اسکیم کے لیے درخواست گزاز کو پرنٹ شدہ فارم کے ساتھ داخلہ پراسیسنگ فیس، پراسپیکٹس فیس بمع بینک ڈرافٹ یا پے آرڈر شعبہ فائن آرٹس، ڈیزائن اور میوزیکالوجی کے لیے 6 لاکھ 95 ہزار روپے جمع کرانے ہوں گے۔

شعبہ آرکیٹیکچر اور فلم اینڈ ٹیلی ویژن کے لیے آٹھ لاکھ 76 ہزار روپے، پرنسپل این سی اے کے نام این ٹی ایس کے متعلقہ سنٹر میں از خود جمع کروانا ہوں گے، رول نمبر سلپ این ٹی ایس کی ویب سائٹ سے ٹیسٹ منعقد ہونے کی تاریخ سے کم از کم ایک ہفتہ پہلے ڈاون لوڈ کی جاسکے گی۔

 داخلوں سے متعلق مزید تفصیلات نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) اور این ٹی ایس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp