ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ 14 نومبر کو پہلی مرتبہ سہ ملکی (پاکستان، افغانستان اور ازبکستان) تجارتی سطح کی میٹنگ ہوئی، ازبکستان کے نائب وزیراعظم اور افغانستان کے وزیر برائے تجارت نے پاکستان کا دورہ کیا، اور وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سمیت مختلف وفاقی وزراء سے ملاقاتیں بھی کیں۔ تینوں فریقین کے درمیان کراس بارڈر اور ٹرانزٹ ٹریڈ سمیت فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر گفتگو کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اسلام آباد میں ہونے والی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ افغانستان کے وزیر برائے تجارت نے وزیر خارجہ جلیل عباسی جیلانی سے بھی ملاقات کی۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے افغانستان کو دہشتگرد تنظیموں خاص طور پر ٹی ٹی پی کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا اور اس حوالے سے بات چیت کو آگے بڑھانے پر بھی زوردیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے، اسرائیل کی غزہ کے اسپتال میں حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل بین الاقوامی قوانین اورانسانی اصولوں کے خلاف اسپتالوں پر حملے کررہا ہے جس کی پاکستان مذمت کرتا ہے، اسرائیل فوج نےغزہ میں اسکولز، اسپتالوں اور آبادیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
’وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سعودی عرب میں فلسطین کے بارے میں او آئی سی سربراہ کانفرنس میں شرکت بھی کی اور اسرائیلی جارحیت اور بربریت کی شدید مذمت کی۔‘
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ڈپٹی وزیرتجارت قازقستان، افغان عبوری نائب وزیر اور پاکستان کے درمیان رواں ہفتے سہ ملکی تجارتی مذاکرات ہوئے۔ عبوری افغان نائب وزیرتجارت نے وزیرخارجہ سے بھی ملاقات کی۔ تینوں ممالک کے درمیان تجارت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
ممتاززہرا نے کشمیر کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج نے متعدد املاک کو سیل کیا ہوا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں زمینوں پر قبضے میں مصروف ہے، بھارت نے پلوامہ میں انسانی حقوق کے محافظین کی زمینں قبضے میں لیے رکھی ہیں۔ جبکہ پاکستان ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان انسداد دہشت گردی مذاکرات آج منعقد ہو رہے ہیں، پاکستان یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ میں سال 2027 کے لیے منتخب ہو گیا ہے، پاکستان تمام خطوں میں رابطے قائم کرے گا۔ پاکستان کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری حیدر شاہ وفد کی قیادت کررہے ہیں۔
یو این ایچ سی آر کی سابق سفیر انجلینا جولی کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات غلط فہمی کی بنیاد پر دیے جارہے ہیں، پاکستان غیر قانونی طور مقیم افراد سے متعلق کارروائی کررہا ہے۔
163ریٹائرڈ فوجی اور سویلین افسران کو غیر ملکی کرنسی میں پینشن دینے کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت یہ معلومات دفتر خارجہ نے ایک درخواست گزار کومہیا کی، ہم نے پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ملکی کرنسی میں پینشن حاصل کرنے والوں کے نام مہیا نہیں کیے گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے سوال کے جواب میں کہا کہ پینشن غیر ملکی کرنسی میں کیوں مل رہی ہے، دفتر خارجہ کا اس سے تعلق نہیں ہے، اس معاملے پر اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان سے موقف لیا جائے۔