امریکی و برطانوی سفیر پاکستانی سیاستدانوں سے ملاقاتیں کیوں کر رہے ہیں؟

ہفتہ 18 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں عام انتخابات کو تقریبا 3 ماہ سے بھی کم عرصہ باقی رہ گیا ہے، انتخابات سے قبل جہاں ملکی سیاسی جماعتیں جوڑ توڑ میں مصروف ہیں وہیں بیرونی ممالک بھی پاکستان کے انتخابات میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے امریکا اور برطانیہ کے سفیروں نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقاتوں میں آئندہ عام انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے لاہور میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔

اس کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات ہوئی ہے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے بھی ان کی رہائشگاہ پر جا کر ملے اور تبادلہ خیال کیا۔

اس کے علاوہ استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین سے بھی امریکی سفیر کی ملاقات ہوئی ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین سے امریکی سفیر ملاقات کر رہے ہیں

برطانوی سفیر جین میرٹ نے 2 روز قبل قائد پاکستان مسلم لیگ ن نوازشریف، چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز اور دیگر لیگی قیادت سے ملاقات کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نوازشریف اور امریکی سفیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں آئندہ عام انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر نے نواز شریف کو اپنے ملک کی ترجیحات بتائیں جبکہ قائد ن لیگ نے بھی اپنی ترجیحات کا ذکر کیا۔

آصف زرداری سے ہونے والی برطانوی سفیر کی ملاقات میں بھی موضوع عام انتخابات ہی رہا۔ اس کے علاوہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے امریکی سفیر کی ملاقات میں جنوبی پنجاب کے انتخابی منظر نامے پر گفتگو ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp