پاک فوج کے ریٹائرڈ فوجی افسران عادل راجا اور حیدر رضا مہدی کا کورٹ مارشل، عہدے بھی ضبط ہوگئے

ہفتہ 25 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے 2 ریٹائرڈ افسران کا کورٹ مارشل کر دیا گیا، بیرون ملک مفرور میجر (ر) عادل راجا اور کیپٹن (ر) حیدر رضا مہدی کو قید بامشقت کی سزا سنائی گئی اور عہدے بھی ضبط کر دیے گئے۔ دونوں ریٹائرڈ افسران کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنائی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دنوں افراد کو کورٹ مارشل کے تحت سزا سنائی گئی، میجرعادل فاروق راجا (ر) کو 14سال قید بامشقت اورکیپٹن حیدر رضا مہدی (ر) کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ دونوں افسران کا آرمی ایکٹ 1952 کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ریٹائرڈ افسران کو فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے جرم میں سزا سنائی گئی، عدالت نے 7 اور 9 اکتوبر 2023 کو دونوں ریٹائرڈ افسران کو مجرم قرار دیا۔ سزاکے تحت 21 نومبر 2023 سے دونوں ریٹائرڈ افسران کے رینک ضبط کر لیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج کے 2 ریٹائرڈ افسران میجر ریٹائرڈ عادل فاروق راجا اور کیپٹن ریٹائرڈ حیدر رضا مہدی کا فیلڈ جنرل کورٹ افراد مکمل کرکے دونوں کو آرمی ایکٹ کے تحت سزائیں سنا دی گئی ہے، سزا فرائض کی انجام دہی اور جاسوسی سے متعلق آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کی خلاف ورزی اور ریاست کے تحفظ اور مفاد کے منافی کام کرنے پر سنائی گئی۔

فوجی عدالت نے 7 اور 9 اکتوبر 2023 کو دونوں افراد کو مناسب عدالتی عمل کے ذریعے مجرم قرار دیا۔ دونوں سابق فوجی افسران پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام ثابت ہوا ہے۔ دونوں پر ریاست مخالف اقدامات اور جاسوسی کے الزامات بھی ثابت ہوئے ہیں۔

واضح رہے دونوں ریٹائرڈ افسران بیرون ملک مقیم ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈا سمیت پاکستانیوں کو بغاوت پر اکسانے کی مسلسل کوشیں کرتے دکھائی دیتے رہے اور اس سے قبل سابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور سابق آئی ایس آئی چیف جنرل فیض حمید کے خلاف انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات بھی عائد کرچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp