پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اربوں ڈالر کے سمجھوتوں پر دستخط

پیر 27 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اربوں ڈالر کے سمجھوتوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔

یو اے ای سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے جس پر دونوں ملکوں کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

https://twitter.com/PakPMO/status/1729173407332466874

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ دوطرفہ معاہدوں سے علاقائی استحکام اور اسٹریٹجک تعاون کے حوالے سے بھی نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ شیخ محمد بن زید النہیان نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی ہے، سمجھوتوں پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزرا اور یو اے ای کے حکام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر بھی دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوئے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے معاہدوں کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

نگراں وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات

دریں اثنا نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کی ہرآزمائش  پر پورا اترے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون اور بات چیت کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اقتصادی اور مالیاتی شعبے میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات 1.8 ملین پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

دونوں رہنماؤں میں فلسطین کی بگڑتی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال

ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے خصوصی طور پر علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے 28ویں کانفرنس آف پارٹیز COP 28 کے لیے یو اے ای کی صدارت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کے قیام سمیت ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لیے کلیدی شعبوں میں موثر اور نتیجہ خیز عالمی اقدامات کی جانب بامعنی پیش رفت کے موقع کے طور پر اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

 دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، پورٹ آپریشنز پراجیکٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔

ان مفاہمت ناموں کی بدولت متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے تحت مختلف اقدامات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

 وزیراعظم نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کو ایک تاریخی اقدام قرار دیا جس سے پاک متحدہ عرب امارات اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ اس وقت یو اے ای کے دورے پر ہیں۔ اور یہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وہ کویت جائیں گے۔

اس سے قبل انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ دوست ممالک نگراں حکومت کے دور میں ہی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کریں گے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ سرمایہ کاری کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی ہمارے اسٹیٹ بینک میں 70 بلین ڈالرز لا کر رکھ دے گا بلکہ سرمایہ کاری کا ایک طریقہ کار ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ اسپیشل فیسیلیٹیشن سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے پلیٹ فارم سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ اور اس معاملے پر ملک کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp