قومی کھلاڑی صہیب مقصود سندھ پولیس کے خلاف کیوں پھٹ پڑے؟

منگل 28 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی کرکٹر صہیب مقصود نے کہا ہے کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہم پنجاب میں رہتے ہیں۔ میں زندگی میں پہلی بار کراچی سے ملتان براستہ سڑک سفر کر رہا ہوں۔ سندھ پولیس اتنی بدعنوان ہے کہ وہ آپ کو ہر 50 کلومیٹر کے بعد روک کر پیسے مانگتی ہے یا پھر وہ آپ کو بلاوجہ تھانے لے جانے کی دھمکی دیتی ہے۔
اپنی ایکس پوسٹ پر علیٰ الصباح صہیب مقصود نے سندھ پولیس کی بدعنوانی بے نقاب کرتے ہوئے لکھا کہ ہر 50 کلومیٹر پر پیسے مانگے جاتے ہیں۔ ہم نے ان (سندھ پولیس) سے کہا کہ ہم بین الاقوامی کرکٹرز ہیں جو کراچی میں میچ کھیلنے کے بعد ملتان واپس جا رہے ہیں۔ اس کے باوجود انہوں نے 8000 ہزار روپے لیے اور پھر ہمیں جانے دیا گیا۔
صہیب مقصود نے علیٰ الصباح 12 بج کر 25 منٹ پر پوسٹ کی تھی، اس کے باوجود صارفین نے مختلف آراء کا اظہار کیا۔ عمیر خان کا کہنا تھا ’سندھ پولیس کی کرپشن کو بے نقاب کرنے پر شکریہ۔ میرے کزن نے مجھے بتایا کہ کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 3 گھنٹے قیام کے دوران انہوں نے ایک سیکیورٹی اہلکار سے پوچھا کہ واش روم کہاں ہے؟ سیکیورٹی اہلکار نے پہلے پیسوں کا مطالبہ کیا اور اس کے بعد معلومات فراہم کیں۔

صارف بھیویش کمار مہیشوری نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم پنجاب میں نہیں بلکہ سندھ میں رہتے ہیں۔ بصورت دیگر میں تصور بھی نہیں کر سکتی کہ پنجاب پولیس سندھ سے تعلق رکھنے والے اقلیتی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ کیسا سلوک کرے گی۔
فیاض خان کا کہنا تھا کہ یہ سندھ یا پنجاب کا مسئلہ نہیں۔ کرپشن پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ بدعنوانی ہر محکمے میں موجود ہے، اور نظام اس کی حمایت کرتا ہے۔ برائے مہربانی آئی جی سندھ اور وزیر داخلہ سندھ سے رابطہ کریں کیونکہ کرپشن کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔

صارف وکیل معیز جعفری نے اس دعوے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا یہ سڑک موٹر وے پولیس کی نگرانی میں نہیں ہے، جو وفاق کا ادارہ ہے؟ انہوں نے صہیب مقصود سے یہ سوال بھی کیا کہ آپ کے ساتھ ایسا کیا ہوا کہ بار بار آپ کو روکا گیا کیونکہ ہر گاڑی کے ساتھ ایسا ہرگز نہیں ہوتا؟

کرکٹ جنون نامی صارف کا کہنا تھا کہ صہیب بھائی سندھ میں جب تک بھٹو زندہ ہے اس کا کچھ نہیں ہوسکتا

صہیب مقصود ’ٹائم آؤٹ‘ قانون کا دوسرا شکار بن گئے

25 نومبر کو کراچی میں کھیلے گئے قومی ٹی20 کپ کے میچ میں بلے باز صہیب مقصود ’ٹائم آؤٹ‘ قانون کا دوسرا شکار بن گئے۔ ملتان ریجن اور آزاد جموں و کشمیر کے میچ میں ملتان ریجن کی نمائندگی کرنے والے صہیب مقصود کو کریز پر تاخیر سے پہنچنے پر ٹائم آؤٹ قرار دیا گیا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں بنگلہ دیش اور سری لنکا کے میچ میں سری لنکن بلے باز اینجلو میتھیوز کو تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائم آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔ یہی میچ کھیلنے کے بعد صہیب مقصود ملتان واپس لوٹ رہے تھے۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے تحت نیشنل ٹی20 کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کراچی میں جاری ہے، جس میں 18 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے میچز نیشنل اسٹیڈیم، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس، ہائی پرفارمنس سینٹر اوول گراؤنڈ اور نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جارہے ہیں۔

صہیب مقصود کا کرکٹ کیرئیر

دائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود نے 8 نومبر 2013 کو جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اپنا ایک روزہ آخری میچ 13 جولائی 2021 کو برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ اب تک 29 میچوں میں 5 نصف سینچریوں کے ساتھ 781 رنز بنا چکے ہیں جبکہ ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 89 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔

26 ٹی20 میچوں کی 22 اننگز میں 273 رنز بنائے ہیں جبکہ ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 37 رنز ہے۔ انہوں نے ایک روزہ میچوں میں آف بریک بولنگ کی مدد سے ایک وکٹ بھی حاصل کر رکھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp