کراچی میں فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ، اہم شخصیات کی شرکت

بدھ 29 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں فلسطین یکجہتی کمیٹی کے زیراہتمام فلسطین مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فلسطین یکجہتی کمیٹی کی جانب سے کراچی میں فلسطین مارچ کی کال دی گئی تھی جس پر سیاسی و سماجی شخصیات نے لبیک کہا اور بڑی تعداد میں شہری اس مارچ میں شرکت کے لیے طارق روڈ پر پہنچے جہاں فلسطین کمیٹی کی جانب سے استقبالی کیمپ لگایا گیا تھا، مارچ میں شریک ہونے والوں کو فلسطین کے پرچم اور دیگر اشیا دی گئیں۔

اس مارچ کی خوبصورتی یہ تھی کہ اس میں ہر سیاسی جماعت کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ اداکاروں اور بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، ہر شخص اپنے حصے کا احتجاج ریکارڈ کرانے یہاں پر موجود تھا۔

شاہراہِ قائدین پر مارچ کی مناسبت سے جگہ جگہ فلسطین پر ہونے والے ظلم و بربریت کے عکس بڑے بڑے پینا فلیکس کے ذریعے آویزاں کیے گئے تھے، سیکیورٹی کے لیے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی، جہاں جہاں سے ریلی کا گزر ہوا وہاں سے سڑک کو کچھ دیر ٹریفک کے لیے بند کر دیا جاتا تھا۔

ریلی میں مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب، اداکارہ اشنا شاہ، سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سمیت لاتعداد مشہور و معروف شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیاسی رہنماؤں نے اپنا اپنا موقف بھی دیا۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج کی ریلی حکمرانوں کو بتارہی ہے ہم فلسطین کےساتھ ہیں۔

رہنما ن لیگ محمدزبیر کا کہنا تھا کہ فلسطین میں مکمل سیز فائر ہونا چاہیے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کی رہنما نسرین جلیل نے کہا کہ چند روز کے سیز فائر سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، ہم اپنی آواز بلند کرسکتے ہیں وہ کررہے ہیں۔

بعد ازاں ریلی کا اختتام نمائش چورنگی پر ہوا جہاں سے لوگ اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp