جب سنہ 2019 میں ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے اپنی الیکٹرک کار کمپنی کے بلٹ پروف ’سائبر ٹرک‘ کی تشہیر کے لیے اسٹیج سجایا تو ایک ضرب میں ٹرک کی کھڑکی ہی ٹوٹ گئی تھی جو اس نئی گاڑی کے لیے ایک برا اغاز اور اس کی مارکیٹنگ پر منفی اثراات کا حامل تھا۔ تاہم 4 سال بعد جب کمپنی نے اس ٹرک کی سپلائی شروع کی تو وہ مسئلہ حل ہو گیا۔
لیکن اس حوالے سے شکوک و شہبات ابھی باقی ہیں کہ آیا ٹرک کا غیر معمولی ڈیزائن اس ٹرک کی کامیابی میں مددگار ثابت ہوگا یا الٹا نقصان دہ ثابت ہوگا۔
اس راکٹ نما اور بلٹ پروف اسٹیل مواد سے بنی گاڑی کے بارے میں ایلون مسک کا کہنا ہے کہ یہ کمپنی کی اب تک کی بہترین پروڈکٹ ثابت ہوسکتی ہے۔
لیکن گزشتہ ماہ وال سٹریٹ کے تجزیہ کاروں سے بات کرتے ہوئے ایلون مسک نے یہ بھی کہا کہ بڑی تعداد میں اس گاڑی کی تیاری اور اس سے منافع کمانا ایک مشکل ٹاسک ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے لیے بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے اور اسے اس قیمت پر بنانا ہوگا جو لوگ برداشت کر سکیں لیکن یہ ایک مشکل امر ہوگا۔
یہ گاڑی بناکر ہم نے اپنی قبر خود کھود لی، ایلون مسک
ان کا کہنا تھا کہ 61 ہزار ڈالر کی مالیت کی اس گاڑی کی پیچیدہ مینوفیکچرنگ کے باعث اس کی لاگت میں اتنی بڑھی ہے۔ مسک نے کہا کہ ہم نے یہ گاڑی بناکر اپنی قبر خود کھود لی.
مزید پڑھیں
پک اپ ٹرک امریکا میں فروخت ہونے والی سب سے مشہور گاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہیں روایتی سیڈان (4 دروازوں اور ڈکی والی) گاٖڑیوں کے مقابلے میں زیادہ پسند کیا جاتا ہے جس کے باعث کچھ کار سازوں نے سیڈان کو ملک کے لیے بنانا بند کر دیا ہے۔
لیکن ٹیسلا کی یہ پروڈکٹ ایک مشکل وقت میں مارکیٹ میں داخل ہو رہی ہے اور شیڈول سے 2 سال پیچھے بھی ہے کیوں کہ شرح سود میں ریکارڈ اضافے نے لوگوں کی قوت خرید بیحد متاثر کی ہے۔
حالیہ مہینوں میں، جنرل موٹرز اور فورڈ جیسی کمپنیوں نے کہا ہے کہ مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وہ اپنے گزشتہ پلان کے مقابلے میں خاصی کم الیکٹرک گاڑیاں بنائیں گے۔
ایلون مسک نے کہا ہے کہ کمپنی کے پاس سائبر ٹرک کے لیے 10 لاکھ آرڈرز ہیں لیکن یہ سوال الگ ہے کہ ان میں سے فروخت کتنے ہیں۔
سائبر ٹرک کے سنہ 2019 کے نامناسب لانچ ایونٹ کے بعد سے حریف کمپنیوں نے اپنے الیکٹرک ٹرک کی پیشکشیں شروع کر دی تھیں۔
اس بارے میں پہلے ہی سوالات اٹھائے جا چکے ہیں کہ آیا یہ ٹرک اتنا ہی کارآمد ثابت ہوگا جتنے کہ دیگر پک اپ ٹرکس ہیں۔
ایس اینڈ پی گلوبل موبلٹی کی ایک ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر اسٹیفنی برنلی نے پیشنگوئی کی ہے کہ سائبرٹرک مارکیٹ میں اتنا کامیاب ثابت نہیں ہوگا۔
اب کی بار گاڑی کا شیشہ نہیں ٹوٹا
پہلی ڈیلیوری کا جشن منانے کے لیے آسٹن، ٹیکساس میں ایک تقریب میں، ٹیسلا کمپنی نے ٹرک کی کھڑکیوں پر ایک اور ٹیسٹ کرتے ہوئے اس پر بھاری شئے پھینکی لیکن سنہ 2019 کی طرح اس مرتبہ کھڑکیاں نہیں ٹوٹیں۔
ایلون مسک کا کہنا ہے کہ یہ ایک ناقابل یقین حد تک مفید ٹرک ہے اور یہ واقعی سڑکوں پر ایک تبدیلی لائے گا۔
کمپنی ہر سال کتنے سائبر ٹرک بنائے گی؟
فی الوقت اس گاڑی کے خریداروں کو انتظار کا سامنا ہے اور گزشتہ روز (جمعرات) کو صرف 10 ہی ٹرک خریداروں کے حوالے کیے گئے۔
ایلون مسک نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ کمپنی سنہ 2025 تک اس قابل ہوگی کہ ہر سال 250,000 سائبر ٹرک تیار کرسکے۔