بلوچستان کا سیاسی اکھاڑا: ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں سے اب تک کس کا پلا بھاری؟

پیر 4 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کے خاتمے کے وعدے لیے ملک کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن نے صوبے کا دورہ کیا۔

پہلے پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے دورے کے موقعے پرجہاں 30 سے زائد الیکٹیبلز کو اپنی پارٹی میں شامل کیا تو وہیں دیگر اثررسوخ رکھنے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں سے انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بھی وعدے کیے جس سے یہ تاثر ملا کہ آئندہ انتخابات میں بلوچستان سے ن لیگ اس پوزیشن میں ہو گی کہ حکومت سازی کر سکے۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیئر صحافی و بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عرفان سعید نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کا دورہ بلوچستان الیکٹیبلز کو جمع کرنے کے لیے تھا اور اس کے نتیجے میں وہی الیکٹیبلز واپس آئے جنہوں نے سنہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل ن لیگ کی ہی حکومت گرا کر بلوچستان عوامی پارٹی کی داغ بیل ڈالی تھی۔

عرفان سعید نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کی بات کی جائے تو ن لیگ صوبے میں صرف ایک نشست حاصل کرنے میں ہی کامیاب رہی تھی تاہم الیکٹیبلز کی ایک بڑی تعداد کا ن لیگ میں جمع ہونا آئندہ انتخابات میں اس کی مستحکم پوزیشن کی جانب اشارہ کر رہا ہے۔

 

صوبے سے تعلق رکھنے والے ایک اور سینیئر صحافی ایوب ترین نے وی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں بلوچستان کے قبائلی و سیاسی رہنماؤں کوشامل کرنا پارٹی کے لیے تو نیک شگون ثابت ہو سکتا ہے مگر عوامی مسائل کے حل کے لیے ن لیگ کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دورے کے موقعے پر لیگی قیادت صرف فائیو اسٹار ہوٹل تک ہی محدود رہی اور اس کی جانب سے ایک بھی عوامی اجتماع کا انعقاد نہیں کیا گیا۔

حال ہی میں ملک کی ایک اور بڑی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لیے بلوچستان پہنچی۔ 4 روزہ دورے کے موقعے پر پیپلز پارٹی نے یوم تاسیس کے جلسے کا انعقاد، قبائلی و مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں، ورکرز کی داد رسی اور وکلا سے ملاقاتیں کر کے اپنے دورے کو عوامی رنگ دینے کی کوشش کی جو لیگی دورے سے بالکل مختلف تو معلوم ہوتی تھی لیکن پس پردہ اس کے اہداف بھی ن لیگ سے مختلف نہیں تھے۔

ایوب ترین کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا دورہ ن لیگ کے رہنماؤں کے دورے سے بہتر اس طرح تھا کہ پیپلز پارٹی نے عوامی حلقوں میں زیادہ وقت گزارا جب کہ ن لیگ صرف لوگوں کو جمع کرنے ہی یہاں آئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گو کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس کا جلسہ اس طرح سے متاثر کن ثابت نہیں ہوا مگر اس کے باوجود پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا صوبے کے ورکرز سمیت صحافیوں اور وکلا تنظیموں سے ملاقاتیں اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ پیپلز پارٹی اپنے اہداف حاصل کرنے میں بڑی حد تک کامیاب رہی۔

عرفان سعید کا خیال ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی سنہ 2018 کے انتخابات میں بلوچستان کے عوام کو متاثر نہیں کر سکی جس کی وجہ سے وہ صوبے میں ایک بھی نشست حاصل کرنے میں ناکام رہی تاہم بلوچستان میں اب بھی پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکن موجود ہیں جس کی وجہ سے یوم تاسیس پر اچھا جلسہ ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوامی اعتبار سے دیکھا جائے تو پیپلز پارٹی کو ن لیگ پر اور سیاسی لحاظ سے دیکھا جائے تو ن لیگ کو پیپلز پارٹی پر سبقت حاصل ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

محسن نقوی کا نواب شاہ کا اچانک دورہ، صدر آصف علی زرداری کو اہم پیغام پہنچایا

ایران سے کسی ڈیل کی ضرورت نہیں، جے ڈی وینس امن معاہدے کی کوشش کے بجائے ملک میں کرپشن پر توجہ دیں، ڈونلڈ ٹرمپ

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری، ڈیزل 4 روپے اور پیٹرول 3 روپے فی لیٹر سستا

خواجہ سعد رفیق نے عمران خان سے ملاقاتوں کو 28ویں آئینی ترمیم اور گورنر راج سے جوڑ دیا

مستونگ، فورسز نے بارود سے بھری گاڑی تباہ کر کے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک

ویڈیو

کوہاٹ میں سونے کی غیرقانونی کان کنی اور عسکریت پسندوں کا گٹھ جوڑ : حکومت کیا کرنے جارہی ہے؟

تربیلا ڈیم توسیعی منصوبے میں حادثہ، خیبرپختونخوا میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا

کیا بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں؟

کالم / تجزیہ

فلسفہ وغیرہ !

جے یو آئی تحریک انصاف کے راستے پر؟

پانچ سوال، جو امریکا کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے