انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے زیر اہتمام ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں 5 تا 16 دسمبر کو کھیلے جانے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 0-4 سے ہرادیا۔ پاکستان کی جانب سے ارشد لیاقت نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہیٹرک اسکور کی۔
تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے پول کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا دیا۔ پاکستان کی جانب سے ارشد لیاقت نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ہیٹرک کی۔ ارشد لیاقت نے 19 ویں، 30ویں اور 54ویں منٹ میں 3 گول داغ دیے۔
مزید پڑھیں
اس کے علاوہ کپتان عبدالحنان شاہد نے 32 ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے ایک گول اسکور کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کھیل کے اختتام تک کسی کھلاڑی نے کوئی گول اسکور نہیں کیا۔
اس موقع پر ٹیم کے ہمراہ منیجر لفٹننٹ کرنل ر آصف ناز کھوکھر، ہیڈ کوچ رویلینٹ آلٹمنس، کوچنگ پینل میں اولمپیئن شکیل عباسی، انٹرنیشنل محمد علی، انٹرنیشنل محمد آصف خان جبکہ فزیو تھراپسٹ محمد اسلم اور ویڈیو انالسٹ ندیم لودھی موجود ہیں۔
واضح رہے ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان اور ہالینڈ مد مقابل تھے، جس میں دونوں ٹیموں نے 3،3 گول اسکور کیے اور میچ بغیر کسی نتیجہ کے ڈرا ہو گیا۔ پاکستان ایونٹ کا تیسرا میچ 9 دسمبر کو بیلجیئم کے خلاف کھیلے گا۔