امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اگر غزہ کو آج نہیں بچایا گیا تو کل شام، لبنان اور مصر بھی نشانہ بنیں گے، فلسطینیوں کا جرم صرف اور صرف مسلمان ہونا ہے۔ غزہ کی حفاظت کے لیے تمام مسلم ممالک کی جانب سے مشترکہ دفاعی پروگرام کا اعلان کیا جانا چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ اہل غزہ ایک دفاعی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کے گھروں، دکانوں اور مساجد پر قبضہ ہے۔ تمام مسلمانوں کا فرض ہے کہ ان کا ساتھ دیں اور تمام حکمرانوں کو چاہیے کہ ان کے لیے اقدامات کریں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز بچہ قرار دیا تھا، تو ایک ناجائز بچہ آج کیسے جائز ہوگیا۔ اسرائیل کا پلان ایک گریٹر اسرائیل کا ہے اسی لیے وہ اپنی اجارہ داری قائم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ میں عام شہریوں، بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا ہے، 62 دنوں میں 20 ہزار فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ اسی طرح غزہ میں اسپتالوں پر بمباری کی جارہی ہے، ڈاکٹرز اور بزرگ شہری سب شہید کیے جا رہے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ تمام مسلم ممالک کو اس وقت اکٹھے ہو جانا چاہیے اور غزہ کے مظلوم عوام کا ساتھ دینا چاہیے۔ تمام مسلم حکمرانوں کو مل کر ایک پالیسی بنانے کی ضرورت ہے جس کے تحت غزہ کے مظلوموں تک امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔