ابرار احمد کی انجری: آف اسپنر ساجد خان کو آسٹریلیا روانگی کے لیے ویزا مل گیا

پیر 11 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر ساجد خان کو آسٹریلیا کا ویزا مل گیا۔ وہ آج رات کراچی سے دبئی روانہ ہو رہے ہیں جہاں سے آسٹریلیا پہنچ کر کل پرتھ میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے لیگ اسپنر ابرار احمد کو انجری کے باعث چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ساجد خان کے نام کی منظوری دی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے ساتھ 4 روزہ میچ کے دوران ابرار احمد کو دائیں گھٹنے میں درد کی شکایت ہوئی تھی اور وہ میدان سے باہر چلے گئے تھے۔

میڈیکل ٹیم نے ابرار احمد کا معائنہ کرنے کے بعد ان کا ایم آر آئی اسکین کرایا تھا۔ اب میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ری ہبلیٹیشن جاری رہے گا تاکہ بولر کی ریکوری ہوسکے۔

ابھی تک ابرار احمد ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ سے ہی باہر ہوئے ہیں جو 14 دسمبر سے شروع ہونا ہے۔ اب دوسرے میچ سے قبل واضح ہو جائے گا کہ وہ صحت یاب ہو کر اگلے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے میلبرن میں ہو گا۔ تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں دونوں ٹیمیں 3 جنوری سے سڈنی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp