نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کا انعقاد ملک بھر میں کرانے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور کے حوالے سے اجلاس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہاکہ کرکٹ کا کھیل پوری قوم کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس سے قومی جذبہ ابھرتا ہے، صرف ٹیم ورک کی بدولت ہی پاکستان کرکٹ ٹیم متحد ہو کر ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ پی سی بی میں ٹرینرز، اسپورٹ اسٹاف اور دیگر عہدیداران کی تعیناتی کرتے ہوئے ملکی مفاد اور وقار کا خیال رکھا جائے۔ ’وزیراعظم نے کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے انتخابات بطریق احسن کروانے کی ہدایت کی۔
اچھی کوچنگ کے ساتھ کھلاڑیوں کی تربیت بھی کی جائے
انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ کھلاڑیوں کی اچھی کوچنگ کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت بھی کی جائے تاکہ وہ ہر سطح پر ملک و قوم کی بہتر نمائندگی کر سکیں۔ کرکٹ کو ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ اندرون سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع، آزاد جموں و کشمیر میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کو قومی سطح پر نمائندگی کاموقع دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم اور پشاور کے اربابِ نیاز اسٹیڈیم کی بحالی کا کام فوری شروع کیا جائے تاکہ یہاں قومی اور بین الاقوامی کرکٹ میچز کا انعقاد کیا جاسکے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گوادر کے کرکٹ اسٹیڈیم اور گلگت بلتستان کے علاقے نگر میں موجود پسن اسٹیڈیم کو کرکٹ میچوں کے انعقاد کے قابل بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کرکٹ بورڈ کو ضلع نگر کے پسن اسٹیڈیم کا فوری سروے کرانے کی ہدایت کی۔
موجودہ کرکٹ اسٹیڈیمز کو جدید خطوط پر بحال کیا جائے
انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ موجودہ کرکٹ اسٹیڈیمز کی جدید خطوط پربحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔ جدید سہولیات سے آراستہ نئے کرکٹ اسٹیڈیمز اور ان کے ساتھ بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز اور شاپنگ ایریاز کے قیام کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ سیاحت کو بھی فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعظم نے کرکٹ کی ترقی کے لیے اسلام آباد میں 4 کرکٹ گراؤنڈز کو سی ڈی اے سے لے کر پاکستان کرکٹ بورڈ کی سرپرستی میں دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہاکہ کرکٹ کے فروغ سے ملک میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ پاکستان کو کرکٹ کے میدان میں دوست ممالک کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے فروغ کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی وزیراعظم کو بریفنگ
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد فروری 2024 میں ہو گا۔ جبکہ کستان چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرے گا۔
حکام نے بتایا کہ ملک میں کرکٹ ایسوسی ایشنز کی تعداد 6 سے بڑھا کر 16 کر دی گئی جس سے علاقائی ٹیلنٹ اجاگر ہو گا۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، گوجرانوالہ، پشاور اور بہاولپور میں کرکٹ کے انفراسٹرکچر کی تعمیر پر کام ہو رہا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ملتان اسٹیڈیم کی شمسی توانائی پر منتقلی پر کام کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کو پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کے فروغ کے لیے اٹھائے جا رہے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔