خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
بنوں پولیس نے بتایا کہ پولیو ٹیم مہم میں مصروف تھی کہ مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ جس کے بعد ٹیم کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق پولیس ٹیم اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔
Related Posts
پولیس نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور زخمی ہو گیا جبکہ حملہ آوروں کی فائرنگ سے 5 اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جہاں 2 اہلکار زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
بنوں پولیس نے بتایا کہ زخمی حملہ آور کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم جاری ہے جس میں 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو معذوری سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
گزشتہ روز بھی پولیو ڈیوٹی پر جانے والی پولیس ٹیم کو ضلع باجوڑ میں نشانہ بنایا تھا۔ جس میں 7 اہلکار شہید جبکہ 25 زخمی ہو گئے تھے۔
سی ٹی ڈی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ جبکہ ابھی تک کسی گروپ نے حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔