سابق وزیراعظم پاکستان و صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا ہے کہ 2017 میں بلے اور ڈنڈے سے ختم کیا گیا ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔ مسلم لیگ ن انتخابات میں سرپرائز دے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ 8 فروری کو عوام پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کو ووٹ دیں گے، یہ انتخابات پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نے الیکشن مہم کا آغاز کر دیا ہے اور اب ہم سب مل کر اس کو چاروں طرف لے کر جائیں گے، جبکہ انتخابی منشور کا اعلان چند روز بعد نوازشریف خود کریں گے۔
شہبازشریف نے کہاکہ 2017 میں نوازشریف کی محنت کے باعث پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا، زراعت اور صنعت و حرفت کو ترقی دی جا رہی تھی، اگر ثاقب نثار جیسے مہرے کے ذریعے نوازشریف حکومت کا تختہ نہ الٹا جاتا تو پاکستان آج معاشی چیلنجز میں گھرا نہ ہوتا۔
انہوں نے کہاکہ پراجیکٹ عمران کو لانچ کرنے کے لیے ایک سازش ہوئی اور پھر ہر چیز تہہ و بالا ہوگئی جس کے بعد شدید ترین مہنگائی کا طوفان آیا۔
پی ٹی آئی دور میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ توڑا گیا
شہبازشریف نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دور میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو توڑا گیا اور اس کے علاوہ سفارتی تعلقات منقطع کیے گئے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے ہمیں نفرتوں کو ختم کرنا ہوگا اور پھر محنت کرنا ہوگی تاکہ پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے۔
شہبازشریف نے کہاکہ 16 ماہ کی اتحادی حکومت میں ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ورنہ آج عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہوتے۔
انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار میں آکر نوجوان نسلم کو جدید زیور تعلیم سے آراستہ کریں گے اور آئی ٹی پر توجہ دیں گے تاکہ ہم زرمبادلہ کما سکیں کیونکہ ہمارے پاس تیل اور گیس کے ذخائر نہیں۔
نوازشریف کو حکومت ملی تو وہ پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے
صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہاکہ اگر نوازشریف کو مضبوط حکومت ملی توہ وہ پاکستان تقدیر بدل دیں گے۔ ہمالیہ نما چیلنجز کے سامنے ہمالیہ نما حوصلہ بھی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف نے کہاکہ نوازشریف چارٹر آف اکانومی پر یقین رکھتے ہیں، انہوں نے 21 اکتوبر کو اپنی تقدیر میں بتا دیا تھا کہ وہ سب کو لے کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں تاکہ ملک ترقی کرے۔
ایک اور سوال کے جواب میں شہبازشریف نے کہاکہ پی ٹی آئی سے بلے کا نشان ہم نے نہیں چھینا۔ انہیں چاہیے تھا کہ سپریم کورٹ میں ثبوت پیش کرتے۔