آئی ٹی یونیورسٹی، میٹروبس، اورنج لائن ٹرین، مسلم لیگ ن کے فیصل آباد کے لیے اہم اعلانات

جمعہ 2 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ ماضی میں ایک جماعت کی جانب سے ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ بنا کر دینے کے وعدے کیے گئے مگر کوئی پورا نہیں ہو سکا۔ مسلم لیگ ن سچی اور کھری بات کرتی ہے اور جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں۔

فیصل آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ ہمارے مخالفین جب اسلام آباد میں دھرنا دے رہے تھے تب ہم لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کرنے میں مصروف تھے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار میں آکر فیصل آباد میں اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ لائیں گے، اس کے علاوہ سڑکیں بنیں گی اور دیگر ترقیاتی کام بھی ہوں گے۔

نوازشریف نے سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے 5 سال بعد یہاں کوئی بیروزگار نظر نہیں آنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اصل یوتھ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے، ہم وہ زمانہ واپس لائیں گے جب روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، آٹا سستا تھا اور چینی کی قیمت 50 روپے کلو تھی۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج ملک میں بیروزگاری نہ ہوتی۔

8 فروری کو ہیر پھیر پر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے، شہباز شریف

اس موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبے لے کر آیا۔ ہمارے دور میں ہمیشہ نئے منصوبے شروع ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ عوام 8 فروری کو مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں تاکہ حکومت بننے کے بعد ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہو۔

شہباز شریف نے کہاکہ ہماری حکومت بنی تو فیصل آباد میں ارفع کریم آئی ٹی یونیورسٹی اور میٹروبس منصوبہ عوام کو دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ عوام نے 8 فروری کو مہر ہیرپھیر پر نہیں بلکہ شیر پر لگانی ہے تاکہ ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہو سکے۔

رانا ثنانے ایسا علاج کیا اب بیمار نظر آتا ہے نہ بیماری، مریم نواز

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ مسلم لیگ ن بدتمیزی اور بدتہذیبی میں مقابلہ نہیں کرتی، ہم خدمت کے میدان میں مقابلہ کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فیصل آباد ایسا شہر ہے کہ یہاں کی صنعتیں چلتی ہیں تو پورا ملک ترقی کرتا ہے اور غریب کا چولہا جلتا ہے۔

مریم نواز نے عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ حکیم رانا ثنااللہ نے ایسا علاج کیا کہ اب بیمار نظر آتا ہے نہ بیماری نظر آتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp