غزہ جنگ بندی کی تجویز پر حماس کا ردعمل عمومی طور پر مثبت ہے، قطر

بدھ 7 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قطر کا کہنا ہے کہ حماس نے اسرائیل کے ساتھ مجوزہ جنگ بندی معاہدے پر ’عمومی طور پر مثبت‘ ردعمل دیا ہے جبکہ فلسطینی گروپ نے غزہ پر اسرائیلی حملے کے خاتمے کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی نے جنگ بندی کی تجویز پر حماس کے رد عمل کو ’عام طور پر مثبت‘ قرار دیا ہے۔

قطر، امریکا اور مصر کے ساتھ مل کر جنگ بندی کے لیے کام کر رہا ہے جس میں لڑائی میں لمبا وقفہ اور حماس کے پاس موجود یرغمالوں کی رہائی شامل ہوگی۔ قطری وزیر اعظم نے زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں لیکن مثبت توقعات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تفصیلات اسرائیل تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے تصدیق کی کہ حکام کو حماس کا جواب موصول ہوگیا ہے اور کہا کہ وہ بدھ (آج) کو اسرائیل کے دورے میں وہاں کے رہنماؤں کو اس بارے میں بتائیں گے۔

حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے امریکا اور مشرق وسطیٰ کے ثالثوں کی تازہ ترین تجویز کا مثبت جذبے کے ساتھ جواب دیا ہے۔ لیکن اس نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کے خاتمے کے لیے ایک جامع اور مکمل جنگ بندی کا خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل، حماس کی جانب سے مستقل جنگ بندی کی خواہش کو پہلے ہی مسترد کر چکا ہے۔ بلنکن اپنے اس دورے میں مصری حکام سے ملاقات کر چکے ہیں۔ وہ ایسے موقع پر خطے کا دورہ کر رہے ہیں جب اسرائیل حماس کے درمیان جاری جنگ غزہ سے ملحق مصر کی سرحد تک پھیلنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ مصر کی سرحد کے ساتھ ساتھ 23 لاکھ آبادی کے شہر غزہ سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی قریباً نصف تعداد پناہ لیے ہوئے ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی سے دوحہ میں ملاقات کی۔

اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ان کی افواج کی پیش قدمی مصر کی سرحد پر واقع قصبے رفح کی طرف جاری ہے۔ مصر نے خبردار کیا ہے کہ اس کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی تعیناتی سے دونوں ممالک کے درمیان چار عشرے قبل طے پانے والا امن معاہدہ خطرے میں پڑ جائے گا۔

مصر کو یہ خدشہ ہے کہ رفح کے علاقے میں لڑائی پھیلنے سے فلسطینی اپنی جان بچانے کے لیے سرحد پار کرکے اس کے علاقے میں داخل ہو سکتے ہیں۔ مصر کہہ چکا ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنے ملک میں داخل نہیں ہونے دے گا۔

قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیر خارجہ بلنکن سے ملاقات کے دوران یہ زور دیا کہ فلسطینیوں کو غزہ سے نکلنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ مصر اور قطر، اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک معاہدے طے کرانے کے لیے ثالثی کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں جنگ میں کئی ہفتوں کے وقفے کے بدلے حماس مزید یرغمالوں کو رہا کرے گا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی سے دوحہ میں ملاقات کی۔

سات اکتوبر 2023 کو غزہ میں اسرائیل کی کارروائی کے آغاز کے بعد جنگ بندی اور جنگ کا دائرہ محدود رکھنے اور نقصانات کو کم سے کم تر سطح پر لانے کی کوششوں کے سلسلے میں یہ امریکی وزیرخارجہ بلنکن کا مشرق وسطیٰ کا پانچواں دورہ ہے۔

ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کے شام، یمن اور بحیرہ احمر میں حملوں نے صورت حال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جو آبی گزرگاہوں پر سفر کرنے والے تجارتی جہازوں کے ساتھ ساتھ خطے میں موجود امریکی مفادات پر بھی حملے کر رہے ہیں۔

حال ہی میں امریکی فورسز نے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کو حملوں سے باز رکھنے کے لیے یمن، شام اور مصر میں ان کے گولہ باردو کے ٹھکانوں اور حملوں کے لیے استعمال ہونے والی تنصیبات پر درجنوں حملے کیے ہیں۔

ادھر فلسطین کی وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے اسرائیل حماس جنگ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 27 ہزار 500 سے بڑھ گئی ہے جن میں اکثریت بچوں اور عورتوں کی ہے، جب کہ مزید ہزاروں افراد زخمی ہیں۔

خطے کی یہ مہلک ترین اور تباہ کن جنگ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے جنگجوؤں کے اچانک حملے کے بعد شروع ہوئی تھی جس میں اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کے 1200 کے لگ بھگ افراد ہلاک اور قریباً 250 کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

وفاقی بجٹ 12 جون کو، اقتصادی جائزہ کل جاری کیا جائے گا، پیٹرول پر ریلیف، 13 کھرب روپے ٹیکس ہدف مقرر

ڈونلڈ ٹرمپ کا آبنائے ہرمز سے خفیہ طور پر لاکھوں بیرل تیل منتقل کرنے کا دعویٰ

مٹسوبشی نے نئی الیکٹرک کار ‘اکلپس اسپورٹ بیک’ متعارف کرادی، خصوصیات کیا ہیں؟

امریکا نے روکا، عوام نے دلوں کے دروازے کھول دیے، صومالی فٹبال ریفری کا واپس وطن پہنچنے پر بادشاہوں جیسا استقبال

تھرپارکر: اونٹنی کی آنکھیں نکالنے کا واقعہ، 2 ملزمان گرفتار

ویڈیو

ذہنی سکون کا راز کن چیزوں میں پوشیدہ؟ اسلام اور سائنس کی روشنی میں جانیے

پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، تمام اہلکار شہید، کشمیر میں احتجاج کی آڑ میں بھارت سے رابطے بے نقاب

کلمے کے نام پر بننے والے ملک کی مخالفت اسلام کے خلاف، مسلح جدوجہد حرام ہے : مفتی محمد کریم خان

کالم / تجزیہ

’سعودی عرب پاکستان کی ریڈ لائن ہے‘

چاچا کرکٹ صرف تماشائی نہیں تھا

میں انس عبیداللہ عابد کے جنازے میں کیوں نہیں گیا؟