بھارتی اداکارہ ثنا خان نے خطروں کے کھلاڑی میں شرکت سے انکار کیوں کیا؟

جمعہ 10 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابقہ بھارتی اداکارہ ثنا خان نے بھارتی پروگرام خطروں کے کھلاڑی میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

چند سال قبل بھارت کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی اداکارہ ثنا خان نے اپنے شوہر انس صیاد کے ساتھ حال ہی میں ایک مذہبی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ 2019 میں بطور اداکارہ کام کرنے کے دوران وہ ایک مشکل دور سے گزر رہی تھیں۔

کئی ہٹ فلموں میں کام کرنے اور بھارت کے مشہور پروگرام بگ باس میں بھی شرکت کرنے والی سابقہ اداکارہ نے انٹرویو میں انس صیاد سے شادی کرنے اور خدا کے راستے پر چلنے سے پہلے کی زندگی کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے دوران انہیں ایسا لگتا تھا کہ وہ ڈوب رہی ہیں اور وہ عجیب وغریب خواب دیکھتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں کبھی کسی سے بات نہیں کرتی تھیں۔

انٹرویو میں ثنا خان سے سوال پوچھا گیا کہ ایسا کون سا واقعہ تھا جس نے ان کی زندگی بدلا، تو اداکارہ نے بتایا کہ سال 2019 جذباتی طور پر ان کے لیے بہت مشکل تھا۔

یہ 2019 تھا جب انہوں نے اسکارف لیا اور خدا کے راستے پر چلنے کا فیصلہ کیا۔

اپنی زندگی کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ‘انس سے شادی کرنے سے پہلے مجھے روہت شیٹھی کے ایکشن سے بھرپور شو خطروں کے کھلاڑی کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں نے اس میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا کیونکہ میں خدا کی عبادت کرنے کا فیصلہ کرچکی تھی’۔

دورانِ انٹرویو ان کے شوہر انس صیاد نے بتایا کہ لاک ڈاؤن ختم ہورہا تھا تو ثنا کو خطروں کے کھلاڑی کی پیشکش کی گئی حالانکہ اس شو کی شوٹنگ عام طور پر جنوبی افریقہ میں ہوتی ہے لیکن اس سال اس کی شوٹنگ بھارت ہی میں ہورہی تھی۔

تصویرزوم ٹی وی: بھارتی سابقہ اداکارہ ثنا خان نے نومبر2020ء میں کاروباری اور مسلمان عالم انس صیاد سے شادی کی تھی۔

اداکارہ کے شوہر نے بتایا کہ انہوں نے ثنا کو کہا کہ اگر وہ یہ شو کرنا چاہتی ہیں تو کرلیں۔ اس وقت ہماری شادی نہیں ہوئی تھی۔ ‘میں نے سوچا کہ ہم تھوڑا سا ایڈجسٹ کرلیں گے تھوڑا سا وہ سمجھ جائیں گی’۔

سابقہ اداکارہ نے مزید انکشاف کیا کہ ‘میں جانتی تھی کہ اگر میں وہاں جاتی ہوں تو حالات بدل جائیں گے کیونکہ بدقسمتی سے شیطان بہت طاقتور ہے۔ وہ ہمارے نفس کے اندر ہے۔ یہ سب سے مشکل جنگ ہے خاص طور پر تب جب آپ اتنا پیسہ دیکھیں۔ لالچ کبھی ختم نہیں ہوتی اور یہ قبر تک پیچھا کرتی ہے۔

ثنا خان کا مزید کہنا تھا کہ یہی وہ وقت تھا جب انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ خطروں کے کھلاڑی میں شرکت نہیں کریں گی۔ وہ جانتی تھی کہ اس شو میں بہت سارا پیسہ ہے لیکن وہ اس شو کو بالکل بھی نہیں کرنا چاہتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنے آپ کو بچانا چاہتی تھی اور میں وہاں قدم نہیں رکھنا چاہتی تھی کیونکہ انہوں نے اسکارف لینا شروع کردیا تھا اور اگر میں وہاں جاتی تو اسکارف اتارنا پڑنا تھا اور ایسا میرے ساتھ اس سے پہلے 2018ء میں بھی ہوچکا تھا’۔

واضح رہے کہ بھارتی سابقہ اداکارہ ثنا نے نومبر 2020 میں بھارتی شہر سورت سے تعلق رکھنے والے کاروباری اور مسلمان عالم انس صیاد سے شادی کی تھی جبکہ سابقہ اداکارہ بھی اپنا کاروبار کررہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp