پاکستان اسٹاک ایکسچینج شروعات میں ہی شدید مندی کا شکار ہوگئی، مارکیٹ کا آغاز ہوتے ہی 100 انڈیکس میں 2 ہزار پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔ جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس کم ہو کر 62 ہزار 143 پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق الیکشن کے غیر متوقع نتائج کی وجہ سے انڈیکس 3 فیصد گرا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مطابق مارکیٹ کے آغاز میں ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں کمی دیکھی گئی، 2 ہزار سے زائد پوائنٹس میں کمی کے بعد انڈیکس 61 ہزار کی سطح پر ٹریڈ کرنے لگا۔
مزید پڑھیں
ہنڈرڈ انڈیکس زیادہ سے زیادہ 63 ہزار 291 کی سطح پر ٹریڈ کرنے کے بعد گرنا شروع ہوا جو 61 ہزار 781 کی سطح تک پہنچ گیا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق سروے کی بنیاد پر مارکیٹ کو توقع تھی کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں حکومت بن جائے گی لیکن ابتدائی غیر حتمی نتائج سے ایسا ہونا مشکل نظر آرہا ہے۔ الیکشن کے غیر متوقع نتائج کی وجہ سے انڈیکس 3 فیصد گرا ہے۔
واضح رہے کہ انتخابات سے ایک روز قبل ہنڈرڈ انڈیکس 300 سے زائد پوائنٹس اضافے کے بعد 64 ہزار 143 پر پہنچ گیا تھا۔ انتخابات تک غیر متوقع صورت حال کی بنا پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیر یقینی کی صورت حال قائم تھی۔