مردان کے سرکاری اسکول کے 95فیصد طلبا اے گریڈ کیسے حاصل کر تے ہیں؟

اتوار 11 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں واقع گورنمنٹ ہائی اسکول تخت بھائی گزشتہ کچھ سالوں 100 فیصد نتائج دے رہا ہے۔ اس اسکول کے زیادہ تر طلبا اے ون گریڈ کے ساتھ امتحانات پاس کرتے ہیں جبکہ یہاں بی یا سی گریڈ کا کوئی تصور نہیں۔

اس اسکول میں تبدیلی کی ایک اہم وجہ یہاں سے پاس آؤٹ ہونے والے طلبا ہیں جو آگے اپنی تعلیم جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ اس اسکول میں زیر تعلیم طلبا کو بلا معاوضہ شام کے اوقات میں پڑھاتے ہیں اور انہیں امتحانات کی تیاری کراتے ہیں۔

اسی اسکول سے تعلیم حاصل کی اور اب یہاں پڑھا رہا ہوں، محمد احمد

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے اسکول میں رضاکارانہ طور پر پڑھانے والے استاد محمد احمد نے بتایا کہ انہوں نے بھی اسی اسکول سے تعلیم حاصل کی اور گزشتہ 5 سالوں سے یہاں بطور رضاکار پڑھا رہے ہیں۔

احمد کہتے ہیں کہ اس اسکول کی ترقی کے باعث ہی علاقے کی ترقی بھی ممکن ہوئی۔ ’میں چاہتا ہوں کہ اس اسکول کے بچے پڑھ سکیں اور ہمارا علاقہ بھی ان بچوں کی وجہ سے مزید ترقی کرے‘۔

محمد احمد نے مزید بتایا کہ تقریباً ہر سال 300 بچوں کو مفت اسٹیشنری دی جاتی ہے جس کے لیے مختلف مقامی این جی اوز بھی اسکول کی مالی معاونت کرتی ہیں جبکہ کچھ مخیر حضرات بچوں کے لیے یونیفارم اور نقد رقم کی صورت میں مدد کرتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسکول کے اساتذہ اور پرنسپل اپنی ماہانہ تنخواہ میں سے بھی بچوں کی امداد کرتے ہیں۔

اسی اسکول میں طالبعلم رہ چکا ہوں، پرنسپل خورشید خان

اسکول کے پرنسپل خورشید خان نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھی اسی اسکول کے طالبعلم رہ چکے ہیں۔ 1983 میں انہوں نے اسی اسکول سے میٹرک کا امتحان پاس کیا اور بطور ٹیچر اسی اسکول میں خدمات سرانجام دیں۔ وہ 2015 میں بطور پرنسپل اس اسکول میں تعینات ہوئے۔

پرنسپل خورشید کی تعیناتی سے قبل اسکول کی حالت درست نہیں تھی، مقامی شخص

اسکول کے سامنے دکان کرتے ایک مقامی شخص صابر خان نے وی نیوز کو بتایا کہ خورشید احمد کی بطور پرنسپل تعیناتی سے قبل اسکول کی حالت زار اور تعلیمی کارکردگی اچھی نہیں تھی جس کے باعث بورڈ کے نتائج بھی مایوس کن تھے۔

صابر کہتے ہیں کہ اسکول کے پرنسپل کی شب و روز محنت کے سبب اب نجی اسکولوں کے بچوں نے بڑی تعداد میں یہاں داخلہ لے لیا ہے۔

تعلیمی اعتبار سے اسکول کے بچوں نے بورڈ نتائج میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے ضلع بھر میں تخت بھائی کا نام روشن کر دیا۔

بورڈ نتائج میں ہماری کارکردگی کی وجہ چھٹیوں میں بھی تعلیمی سلسلہ جاری رہنا ہے، پرنسپل

پرنسپل کے بقول بورڈ نتائج میں ہماری بہتر کارکردگی کی وجہ چھٹیوں میں بھی اسکول کا کھلا رہنا تھا۔ ’سنہ 2019 میں ہمارے اسکول کے بچوں نے بورڈ میں دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کیں جبکہ اسی سال 70 بچوں نے اے پلس اور 121 طلبا نے A گریڈ حاصل کیا۔’

خورشید خان کا مشن ہے کہ تخت بھائی کا کوئی بھی بچہ علم حاصل کیے بغیر نہ رہ سکے۔

حال ہی میں منعقدہ ایم ڈی کیٹ امتحان میں ٹاپ کرنے والا امیدوار بھی اسی سکول کا طالب علم رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp