جماعت اسلامی نے تحریک انصاف سے اتحاد کیوں نہیں کیا؟

بدھ 14 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حکومت سازی میں ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی سے اتحاد کے حوالے سے ابتدائی مشاورت مکمل ہونے کے بعد اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت نے اپنا موقف تبدیل کیا ہے جس کی وجہ سے اتحاد نہیں کیا جا سکتا۔

ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی سے اتحاد کے حوالے سے ابتدائی مشاورت کی جس کے مطابق جماعت اسلامی نے طے کیا تھا کہ قومی سطح پر تحریک انصاف سے اشتراک عمل قومی مفاد میں ہوگا۔ لیکن تحریک انصاف نے اپنے موقف کو تبدیل کیا ہے۔

قیصر شریف نے کہا کہ تحریک انصاف نے قومی سطح پر اتحاد کی بات کی تھی اور بغیر بتائے یہ اتحاد خیبر پختونخوا تک محدود کر دیا، اب وہ خیبرپختونخوا میں بھی جس سے چاہیں اپنے معاملات طے کرلیں۔

ترجمان جامعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جس کے ساتھ بھی اتحاد کرنا چاہے کر لے جماعت اسلامی کو خوشی ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جماعت اسلامی کا فیصلہ ہے کہ ہم اس طرح کے اتحاد میں نہیں چل سکتے، تحریک انصاف چاہے تو خیبرپختونخوا میں بھی کسی اور کے ساتھ اتحاد کرلے۔

واضح رہے گزشتہ روز بھی جماعت اسلامی پاکستان خیبرپختونخوا کے امیر رہنما پروفیسر محمد ابراہیم نے پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کی تردید کی تھی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی جس کے ساتھ بھی حکومت بنانا چاہے ان کو اختیار ہے۔ جماعت اسلامی کا نام استعمال کرنے کا اخلاقاً کوئی جواز نہیں بنتا۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، پی ٹی آئی خود سے ہی حکومت بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا نام استعمال کررہی ہے۔ پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ یہ طرزِ عمل نامناسب اور غیر اخلاقی ہے۔ جماعت اسلامی کسی کو کندھا فراہم نہیں کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp