تحریک انصاف اور جماعت اسلامی قیادت کی ملاقات، رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

جمعہ 16 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی قیادت کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، جس میں عام انتخابات کے بعد ملک میں پیدا شدہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ملاقات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر اور جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی قیادت اسد قیصر نے کی جبکہ ملاقات کے دوران جماعت اسلامی کی طرف سے لیاقت بلوچ و دیگر موجود تھے۔

اب فیصلے بند کمروں میں نہیں میدان میں ہوں گے، اسد قیصر

اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم 170 سے زیادہ نشستوں پر جیتے ہوئے تھے مگر ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، اب فیصلے بند کمروں نہیں میدان میں ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ پیر کو ہماری میٹنگ ہو رہی ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ بدقسمتی سے ملک مزید سیاسی عدم استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

اسد قیصد نے کہاکہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف کل ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ہے، عوام بھرپور شرکت کریں۔

ہم پہلے سے دھاندلی زدہ الیکشن کو مسترد کر چکے ہیں، لیاقت بلوچ

اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہاکہ دونوں جماعتوں کے آپس میں رابطے جاری رہیں گے۔ کل جماعت اسلامی کی شوریٰ اور مجلس عاملہ کا اجلاس ہے جس میں معاملات زیر غور آئیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے پہلے ہی دھاندلی زدہ الیکشن کو مسترد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام غیرجانبدارانہ انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے، ہم ملک کو کسی بھی ماورا آئین اقدام سے بچائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی سے مل کر خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا، جس کے ردعمل میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر پروفیسر ابراہیم نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا پی ٹی آئی سے کوئی اتحاد نہیں ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp