بالی وڈ کی بہترین فلموں میں سے ایک ’12ویں فیل‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار وکرانت میسی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بڑے بھائی نے نوعمری میں ہی اسلام قبول کرلیا ہے۔
بالی وڈ اداکار وکرانت میسی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اپنے گھر میں ہی مذہب اور روحانیت سے متعلق ‘بہت سارے دلائل’ سنے اور دیکھے ہیں، کیوں کہ ان کی والدہ سکھ، والد کرسچن، بیوی ہندو اور بھائی مسلمان ہیں۔
وکرانت میسی نے انٹرویو میں اپنے بڑے بھائی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ‘میرے بھائی کا نام معین ہے، مجھے وکرانت کہا جاتا ہے، آپ حیران ہوں گے کہ یہ نام معین کیوں ہے؟ اس نے اسلام قبول کر لیا، میرے گھر والوں نے اسے اپنا مذہب تبدیل کرنے دیا، والد نے میرے بھائی سے کہا، بیٹا اگر آپ ایسا کرنے میں اطمینان میں ہو تو آگے بڑھیں، اس نے 17 سال کی عمر میں مذہب تبدیل کیا، یہ ایک بڑا قدم تھا۔‘
مزید پڑھیں
اداکار نے کہا کہ ’میری ماں سکھ ہے، میرے والد چرچ جانے والے عیسائی ہیں، وہ ہفتے میں دو بار چرچ جاتے ہیں، چھوٹی عمر سے ہی میں نے مذہب اور روحانیت سے متعلق بہت سارے دلائل دیکھے ہیں۔‘
وکرانت نے مزید بتایا ‘میرے والد سے میرے رشتہ داروں نے سوال کیا کہ وہ اس کو (بھائی مذہب کی تبدیلی) یہ اجازت کیسے دے سکتے ہیں، میرے والد نے ان سے کہا کہ وہ جو چاہے اسے انتخاب کے تمام حقوق حاصل ہیں، یہ دیکھ کر میں خود اپنی تلاش میں چلا گیا، سوچتا رہا کہ مذہب دراصل کیا ہے، یہ انسان کا بنایا ہوا ہے۔’
شیتل ٹھاکر سے شادی کرنے والے بالی وڈ اداکار وکرانت میسی حال ہی میں باپ بنے ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک جوڑے کے طور پر ان کا مقصد اپنے بچے کو ‘عقل پسندی’ سکھانا ہوگا، لیکن کچھ چیزیں ایسی ہیں جو ‘مستند طور پر ہندوستانی’ ہیں، جن کا وہ بہت احترام کرتے ہیں، خاص طور پر ہندو ثقافت میں، میں ان پر یقین رکھتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ صرف میری ثقافتی وابستگی کی وجہ سے ہے، اسے مذہبی ہونا ضروری نہیں ہے، یہ میرے ملک کے اکثریتی لوگوں کا کلچر ہے، دیوالی صرف ہندوستان میں منائی جاتی ہے، اس لیے میں بھی اسے مناتا ہوں، ہمارے بڑے بھی دیوالی مناتے آئے ہیں، اس سے میری بچپن کی یادیں وابستہ ہیں۔‘
’ مجھے اس بات پر یقین نہیں ہے کہ اگر میں لکشمی پوجا کروں گا تو مجھے دولت سے نوازا جائے گا۔ میں یہ کرتا ہوں کیونکہ میں اس کا مشاہدہ کرتے ہوئے بڑا ہوا ہوں اور اب یہ میرا طرز زندگی ہے۔ میرے والد ہفتے میں 2 بار چرچ جاتے ہیں لیکن میری ماں اور میری بیوی کے ساتھ پوجا بھی کرتے ہیں، لہذا ہمارا ایک خوبصورت گھر ہے۔‘
واضح رہے کہ وکرانت میسی کی فلم 12ویں فیل ودھو ونود چوپڑا کی ہدایت کاری میں 2023 کی سپر ہٹ فلم بن کر ابھری، اسے گزشتہ سال کی بہترین فلموں میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔