پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجا کے فوری استعفے کا مطالبہ کر دیا۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر متنازع ہو چکے ہیں، ضروری ہے کہ فارم 45 کے مطابق انتخابی نتائج تیار کیے جائیں۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر فری اینڈ فیئر انتخابات کرانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ کمشنر راولپنڈی نے بھی انتخابات میں دھاندلی کی خبر دے دی ہے۔ اب ضروری ہے کہ ان کی فیملی کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ وہ حکومت چل سکتی ہے جو عوامی مینڈیٹ لے کر آئی ہو، ہم 180 سے زیادہ نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ سنی اتحاد کونسل سے ہمارا معاہدہ ہو چکا ہے، مخصوص نشستوں کے لیے کل 50 ایم این ایز کی فہرست الیکشن کمیشن کو بھجوا دی تھی۔ اب ہم الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ اگر الیکشن کے شفاف نتائج جاری نہیں کیے جاتے تو اس سے آئی ایم ایف کا پروگرام بھی متاثر ہوگا۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ملک میں ہونے والے انتخابات کے بعد پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ ان کے 180 سے زیادہ ممبران قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہو چکے تھے مگر ان کا مینڈیٹ چرایا گیا۔
دوسری جانب سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے بھی اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ راولپنڈی کی نشستوں پر ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوایا گیا ہے، اور اس کے لیے ہم پر دباؤ تھا۔