پاکستان بار کونسل نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم کی مذمت کی ہے۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل ریاضت علی سحر نے کہا ہے کہ منظم مہم کا مقصد سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو بدنام کرنا ہے۔ اس مہم کا مقصد سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسخ کرنا ہے۔
مزید پڑھیں
ریاضت علی سحر کا کہنا تھا کہ اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ عدالت کے فیصلے کو کسی سیاسی مفاد کے لیے استعمال کیا جائے، کچھ عناصر نے نفرت کو ہوا دینے کے لیے جعلی معلومات پھیلائی ہیں۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس کے خلاف مہم چلانے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایک فیصلے کو بنیاد بنا کر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اسی تناظر میں آج سپریم کورٹ نے ایک وضاحتی اعلامیہ بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ میڈیا پر عدالتی فیصلے کی غلط تشریح کی جا رہی ہے۔