شعیب ملک سے طلاق: ثانیہ مرزا کو شرمندہ کرنے کے لیے بھارتی میڈیا گڑے مردے اکھاڑنے لگا

جمعرات 29 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید کی شادی کی خبروں کے بعد شعیب ملک اور ان کی سابقہ اہلیہ اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا مسلسل بھارتی میڈیا کی زینت بنے ہوئے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا نے حال ہی میں ثانیہ مرزا کا 2 برس پرانا ایک انٹرویو دوبارہ شائع کیا ہے۔ 2022 میں مغربی میڈیا کو دیے گئے اس انٹرویو میں ثانیہ مرزا نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی کے بارے میں گفتگو کی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا نے ثانیہ مرزا کا یہ انٹرویو کیوں شائع کیا اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن اس عمل سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بھارتی میڈیا ثانیہ مرزا کو پاکستانی مرد سے شادی کرنے پر شرمندہ کرنا چاہتا ہے اور انہیں یہ احساس دلانا چاہتا ہے کہ میڈیا نے انہیں 2010 میں بھی پاکستانی کرکٹر سے شادی کرنے کے حوالے سے خبردار کیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا نے اس انٹرویو کے صرف ان حصوں کو شامل کیا ہے جو ان کی اور شعیب ملک کی شادی سے متعلق یا بھارت اور پاکستان کے بارے میں ہیں۔

دوران انٹرویو ثانیہ مرزا سے سوال کیا گیا کہ 2010 میں جب انہوں نے شعیب ملک سے شادی کی اور دنیا بھر میں اس شادی کا تذکرہ ہوا تو انہیں اس وقت کیسا لگا؟

اس سوال کے جواب میں ثانیہ نے بتایا کہ شعیب ملک سے شادی کے بعد خبروں اور قیاس آرائیوں کی وجہ سے صورتحال ان کے لیے چیلنجنگ تھی تاہم ان کی محبت نے ان پریشانیوں کو پنپنے نہ دیا کیونکہ وہ دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور انہیں اپنے خاندانوں کی حمایت بھی حاصل تھی۔

ثانیہ مرزا  نے کہا کہ ان پر بے تحاشا تنقید کی گئی لیکن اس کے باوجود شعیب ملک سے شادی کرنا ان کی زندگی کا سب سے خوبصورت لمحہ تھا۔ انہوں نے کہا، ’تنقید کا سامنا کرنے کے باوجود ہم دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزارنے اور خوش رہنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھی۔‘

انٹرویو کے دوران ان سے پاکستان اور بھارت میں پائے جانے والے سماجی رویوں میں مماثلت اور اختلاف کے بارے میں پوچھا گیا تو ثانیہ مرزا  نے جواب دیا کہ دونوں ملکوں میں کچھ معاملات میں مماثلت اور بعض میں اختلاف پایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ شعیب ملک نے ثانیہ مرزا سے سنہ 2010 میں شادی کی تھی اور پھر انہیں طلاق دینے کے بعد گزشتہ ماہ اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کی تھی۔ ثنا جاوید نے پہلی شادی سنہ 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے کی تھی جو ناکام ہوگئی تھی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر میں ثانیہ مرزا کے مداح موجود ہیں اور پاکستانی اب بھی ثانیہ مرزا کو ثنا جاوید سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ پی ایس 9 میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ میں ثنا جاوید اپنے شوہر اور کراچی کنگز کے کھلاڑی شعیب ملک کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹیڈیم گئیں تو شائقین نے ثانیہ مرزا کے حق میں نعرے لگائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp