صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کون ہیں؟

ہفتہ 2 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔ محمود خان اچکزئی کا تعلق پشتونوں کے بڑے قبیلے اچکزئی سے ہے، محمود خان اچکزئی نے 14 دسمبر 1948 کو پشتون قوم پرست سیاست کے بڑے نام خان عبدالصمد اچکزئی کے ہاں بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آنکھ کھولی۔ ابتدائی تعلیم انہوں نے کوئٹہ سے حاصل جس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور چلے گئے جہاں سے 1971 میں انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔

محمود خان اچکزئی ایک پشتون قوم پرست سیاست دان ہیں جو 1973 میں ایک بم حملے میں اپنے والد عبدالصمد خان اچکزئی کے قتل کے بعد پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی  کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔ پی این اے پی اور شیرعلی باچا کی پختون خوا مزدور کسان پارٹی کے درمیان 1986 میں ایک معاہدہ ہوا، اس سمجھوتے کے نتیجے میں مارچ 1989 میں کوئٹہ میں ایک اجلاس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی ایم اے پی) بنائی گئی۔ شیر علی باچا پی ایم اے پی کے جنرل سیکرٹری جبکہ محمود خان اچکزئی چیئرمین منتخب ہوئے۔

محمود احمد اچکزئی ضمنی انتخاب میں بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ اچکزئی 1993 کے پاکستانی عام انتخابات میں کوئٹہ کے حلقے سے پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ انہوں نے اپنا پہلا الیکشن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حمایت سے جیتا، 1997 کے عام انتخابات میں محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی کی نشست ہارگئے۔

محمود خان اچکزئی 2002 کے عام انتخابات میں NA-262 حلقہ سے دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔ 2007 میں انہوں نے اپنی اتحادی مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی اختیار کرلی اور عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا۔ 2008 میں، انہوں نے آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کے ساتھ اتحاد بنایا اور اس وقت کے صدر پاکستان پرویز مشرف کی قانونی حیثیت کو مسترد کرنے کے لیے 2008 کے عام انتخابات کا بائیکاٹ کیا اگرچہ انہوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا لیکن وہ سیاست میں سرگرم رہے۔

محمود خان اچکزئی نے 2013 کے عام انتخابات میں 2 حلقوں، این اے259 کوئٹہ اور این اے 262 قلعہ عبداللہ سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے انتخاب لڑا۔ کوئٹہ کے حلقے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اچکزئی کی حمایت کی تھی۔ اچکزئی نے NA 259 کوئٹہ سے کامیابی حاصل کی۔

واضح رہے محمود خان اچکزئی کو سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدراتی امیدوار کے لیے نامزد کیا گیا ہے، محمود خان اچکزئی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp