ملکی حالات کے پیش نظر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کا مطالبہ، سینیٹ میں قرارداد جمع

ہفتہ 2 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی حالات کے پیش نظر فیس بک، یوٹیوب، ٹوئٹر، ٹک ٹاک، انسٹا گرام پر پابندی عائد کی جائے۔

4 مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے اجلاس کے لیے جمع کرائی گئی قرارداد کو ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا۔

سینیٹ آف پاکستان میں جمع کرائی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ملک میں نوجوان نسل کو بری طرح سے متاثر کر رہے ہیں۔

قرارداد کے متن میں تحریر ہے کہ یہ پلیٹ فارمز ہمارے مذہب اور ثقافت کے خلاف اصولوں کو فروغ دینے اور زبان و مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں نفرت پیدا کرنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

قرارداد کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر افواج پاکستان کے خلاف منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا تا ہے جو قابل تشویش ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو جعلی خبریں پھیلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

’ملک میں نوجوان نسل کو دھوکہ دینے کے لیے ان پلیٹ فارمز کا استعمال ہو رہا ہے، اس لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کی جائے تاکہ نوجوانوں کو تباہ کن اور منفی اثرات سے بچایا جا سکے‘۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ سے ملک میں انٹرنیٹ سروسز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش ہو رہی ہے، تاہم اس حوالے سے کسی ادارے کی جانب سے وضاحت بھی نہیں کی جاتی۔

کچھ روز سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ مکمل بند ہے، جبکہ اب یہ شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ وی پی این کے ذریعے بھی ’ایکس‘ کا استعمال محدود ہو گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp