صدارتی انتخاب: آصف زرداری اور محمود اچکزئی نے کتنے، کتنے ووٹ حاصل کیے؟

ہفتہ 9 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے نئے صدر مملکت کے حتمی انتخاب کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق آصف علی زرداری نے 411 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ محمود خان اچکزئی نے 181 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ اس طرح آصف علی زرداری اکثریتی رائے سے ملک کے 14 ویں منتخب صدر بن گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صدارتی انتخابات 2024ء کے نتائج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 09  مارچ2024ء کو صدر پاکستان کے عہدے کے لیے انتخابات 5 مقامات پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد، سینیٹ، کوئٹہ، پشاور، کراچی اور لاہور میں صوبائی اسمبلی کی عمارتوں میں منعقد ہوئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پریزائیڈنگ افسران کی جانب سے تیار کردہ پانچوں پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں موصول ہوگئے ہیں۔

الیکٹورل کالج میں نشستوں کی کل تعداد 1185 تھی جن میں سے 92 نشستیں خالی تھیں جن کے نتائج روک دیے گئے تھے یا سینیٹ اور اسمبلیوں میں واپس آنے والے امیدواروں کی جانب سے حلف نہیں لیا گیا تھا۔ بقیہ 1093 رائے دہندگان کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام پریزائیڈنگ افسران سے موصول ہونے والی گنتی کے نتائج کے مطابق حق رائے دہی استعمال کرنے والے ووٹرز کی تعداد 1044 ہے۔ ان ووٹوں میں سے 9 ووٹوں کو متعلقہ پریزائیڈنگ افسران نے کالعدم قرار دے دیا ہے۔ اس طرح ڈالے گئے درست ووٹوں کی کل تعداد 1035 ہے۔

ہر صدارتی امیدوار کے حق میں ڈالے گئے کل درست ووٹوں کی بنیاد پر نتائج کا تعین آئین کے دوسرے شیڈول کے پیراگراف 18 کی شقوں کی روشنی میں کیا گیا ہے جس کے مطابق آصف علی زرداری نے 411 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ محمود خان اچکزئی نے 181 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

فارم 7 پر گنتی کا باضابطہ نتیجہ تیار کیا جائے گا اور پریزائیڈنگ افسران سے اصل ریکارڈ موصول ہونے کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے اتوار کو وفاقی حکومت کو ارسال کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp