اب ہمارا امتحان شروع ہوگیا، ہمیں ایک دوسرے کو سنبھالنا ہوگا، محمود اچکزئی

ہفتہ 9 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت کے لیے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ ایک پارٹی کو پاکستان کے عوام نے ووٹ دیے ہیں، ہمیں اس بات کو ماننا پڑے گا۔

صدر مملکت کے انتخاب میں آصف زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے ہیں۔ محمود اچکزئی نے مدمقابل امیدوار کو جیت کی مبارکباد پیش کی۔

صدارتی انتخابات کے نتائج کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہاکہ اب ہمارا امتحان شروع ہو گیا ہے۔ خطے اور دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے ہمیں اس پر نظر رکھنا ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں اب ایک دوسرے کو سنبھالنا ہے، ہم پارلیمان کے مسئلے کیوں عدالتوں میں لے کر جائیں۔ نواز شریف اپنی پارٹی کے سمجھدار لوگوں کی بات سنیں۔

محمود اچکزئی نے کہاکہ یہ پہلا صدارتی الیکشن ہے جس میں کوئی خرید و فروخت نہیں ہوئی۔

’بہت سے لوگوں نے کہا ووٹ آپ کو دیتے مگر حکم کہیں اور کہا ہے‘

انہوں نے کہاکہ صدارتی امیدوار نامزد کرنے اور ساتھ دینے پر پی ٹی آئی کا مشکور ہوں، بہت سے لوگوں نے مجھے کہاکہ ووٹ تو آپ کو دینے کی خواہش تھی لیکن حکم کہیں اور کا ہے۔

محمود اچکزئی نے کہاکہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں تمام 90 ارکان نے مجھے ووٹ دیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک رات تک ہمیں ووٹ دینے پر قائل تھے مگر پھر پھسل گئے۔

انہوں نے جمعیت علما اسلام (ف) سے شکوہ کرتے ہوئے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کا ووٹ ہمیں پڑنا چاہیے تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp