5 سالہ معاشی روڈ میپ کا جائزہ اجلاس: وقت ضائع کیے بغیر معاشی منصوبے پر عملدرآمد کیاجائے، وزیراعظم

جمعرات 14 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ کہ وقت ضائع کیے بغیر معیشت کے استحکام کے لیے منصوبوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

جمعرات کو وزیر اعظم شہباز  شریف کی زیر صدارت 5 سالہ معاشی روڈ میپ کا جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا جس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں ملکی معیشت کی ترقی کے لیے آئندہ 5 سال کا معاشی روڈ  میپ پیش کیا گیا۔ مہنگائی میں کمی، غربت میں تخفیف اور روزگار کی فراہمی روڈ میپ کا حصہ ہے۔

تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے مشاورت کی جائے اور ان منصوبوں کے حوالے سے عمل درآمد کا شیڈول بنا کر پیش کیا جائے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زراعت، لائیو اسٹاک، آئی ٹی، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے اقدامات کیے جائیں۔ اس کے ساتھ چھوٹے اور بڑیے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

حکومتی اخراجات کم کریں گے

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکومتی اخراجات کو کم کریں گے، غریب عوام کے پیسے کو مزید ضائع نہیں ہونے دو ں گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 5 برس میں ملکی معیشت کو استحکام دے کر اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ ڈیجٹلائیزیشن اور جدت سے محصولات بڑھائیں گے۔

ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کی جائے گی

وزیر اعظم نے کہا کہ زرعی شعبے میں بھی جدت سے فی ایکٹر پیداوار بڑھائیں گے جب کہ نقصان میں چلنے والے حکومتی اداروں کی ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کی جائے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد جہانزیب، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.

مختلف امور پر بریفنگ

اجلاس کو ملکی معیشت کی ترقی کے لیے روڈ میپ اور کلیدی شعبوں میں مجوزہ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بجلی، زراعت و لائیو اسٹاک، برآمدی شعبہ، درمیانے و چھوٹے پیمانے کی صنعت، ٹیکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور نجکاری کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp