ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے 14 اپریل کو کراچی پہنچے گی، یہ پاکستان کی آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 25-2022 کی پاکستان میں آخری سیریز ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 18، 21 اور 23 اپریل کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2022 کا حصہ ہیں۔
ون ڈے سیریز کے بعد 5ٹی ٹوئنٹی میچز بھی اسی میدان میں 26، 28، 30 اپریل، 2 اور 3 مئی کو کھیلے جائیں گے، ون ڈے انٹرنیشنل میچ شام ساڑھے 3بجے شروع ہوں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچ کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا۔
آئی سی سی ویمنز ون ڈے چیمپئن شپ، پاکستان کا تیسرا نمبر
پاکستان ویمن ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر ہے، اس نے 18 میچوں میں 16 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم 12 میچوں میں 8 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ، پاکستان کا آٹھواں نمبر
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز چھٹے نمبر پر ہے۔
مزید پڑھیں
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کا 2021 کے بعد دوسرا دورہ پاکستان ہوگا، آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 سیریز بھی چوتھی سیریز ہوگی جس کی میزبانی پاکستان کرکٹ بورڈ کررہا ہے، آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں پاکستان کی آخری سیریز اس سال مئی میں انگلینڈ کے دورے میں ہوگی۔
ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا پرتپاک استقبال کریں گے، تانیہ ملک
خواتین کرکٹ بورڈ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے’ ہم ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا پاکستان میں پرتپاک استقبال کریں گے۔ ہوم گراؤنڈ پر چوتھی سیریز کی میزبانی خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے اور ہماری کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں ہونے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پی سی بی کے عزم کا ثبوت ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز صرف کرکٹ سے متعلق نہیں ہے بلکہ یہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں مضبوط بنانے کے بارے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین ٹیم کے لیے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔ ’پاکستان ویمنز ٹیم کی موجودہ پوزیشن ہمارے عزم اور لگن کی عکاسی کرتی ہے اور ہمارا مقصد ہوم گراؤنڈ پر ہونے والے تین چیمپئن شپ میچوں سے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا ہے۔‘
تانیہ ملک نے کہا کہ اس سال کے آخر میں آئی سی سی ویمنز T20 ورلڈ کپ بھی ہورہا ہے، اس ایونٹ اور مختصر ترین فارمیٹ میں ٹیم کی حالیہ اچھی کارکردگی کی روشنی میں ہم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل شیڈول کیے ہیں، ٹی ٹوئنٹی سیریز سے سلیکٹرز کو میگا ایونٹ کے لیے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے میں مدد ملے گی۔