ویسے تو مختلف ممالک کی مارکیٹوں میں آپ کو ہینڈ بیگ کے نت نئے ڈیزائن دیکھنے کو ملتے ہیں لیکں وزن کے اعتبار کے حوالے سے ہلکے ترین بیگ کے بارے میں آپ نے پہلی بار سُنا ہو گا۔ ایک فرانسیسی فیشن برانڈ کوپرنی نے حال ہی میں دنیا کا سب سے ہلکا ہینڈ بیگ متعارف کروایا ہے جس کا وزن صرف 37 گرام ہے کیونکہ یہ 99 فیصد ہوا پر مشتمل ہے۔
یہ بیگ ٹھوس مواد اور ایروجیل سے بنے اپنے ہی مشہور سوائپ بیگ کا ایک منفرد ورژن ہے جسے ایئر سوائپ کا نام دیا گیا ہے۔ کوپرنی ہر سال اپنے مقبول سوائپ بیگ کو ایک منفرد شاہکار کی صورت میں دوبارہ تیار کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
گزشتہ برس انہوں نے اسی بیگ کا ہزاروں سال پہلے زمین پر گرنے والے ایک پتھر پر ہاتھ سے کھدائی کر کے ایک میٹورائٹ ورژن پیش کیا تھا۔ رواں برس ان کا پراجیکٹ گزشتہ برس کی طرح چونکا دینے والا ہے۔ اس بار فرانسیسی برانڈ نے یونانی محقق اور بصری آرٹسٹ لوننس مائیکل لوڈیز کے ساتھ مل کر کام کیا ہے تاکہ ایروجیل نامی انقلابی مواد سے دنیا کا سب سے ہلکا ہینڈ بیگ تیار کیا جا سکے۔
مائیکل نے اس انتہائی ہلکے مواد سے 27 x 16 x 6 سینٹی میٹر کا ہینڈ بیگ تیار کیا ہے جس کا وزن صرف 37 گرام ہے۔
سلیکا ایروجیل دنیا کا سب سے ہلکا ٹھوس مواد ہے، کیونکہ یہ 99 فیصد ہوا اور ایک فیصد شیشے پر مشتمل ہوتا ہے۔ اسے ایک خاص عمل کے ذریعے سٹینلیس اسٹیل کے سانچے میں تیار کیا جاتا ہے، جو مخصوص درجہ حرارت اور دباؤ کو استعمال کرتے ہوئے مائعات کو شیشے میں تبدیل کردیتا ہے۔
اگرچہ نازک دکھائی دینے والا یہ ایروجیل اتنا نازک نہیں ہے جتنا یہ دکھائی دیتا ہے۔ یہ اپنے وزن سے 4 ہزار گنا زیادہ دباؤ اور 1,200 ڈگری سیلسیس تک گرمی کو برداشت کر سکتا ہے۔
کوپرنی نے اس ایئر سوائپ بیگ کو پیرس فیشن ویک کے دوران متعارف کرایا ہے جس کے بعد سے اب تک یہ فیشن کی دنیا میں زیر بحث ہے۔