کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں موجود فارم ہاؤسز پر سالانہ بھاری پراپرٹی ٹیکس لگا دیا ہے۔ وفاقی ترقیاتی ادارے کی جانب سے پیٹرول پمپوں، نجی اسپتالوں اور شادی ہالوں پر بھی بھاری ٹیکس عائد کردیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے حکومت سے ملک بھر میں پراپرٹی ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ کررکھا ہے۔ تاہم سی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے تمام سیکٹروں میں ٹیکس کی شرح بڑھا دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ڈی، ای، ایف، جی، ایچ اور آئی میں موجود تمام پراپرٹی پر ٹیکس کی شرح بڑھا دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پارک اینکلیو میں 1ہزار سے 2ہزار اسکوائر یارڈز کے پلاٹس پر 2لاکھ 27 ہزار ٹیکس نافذ کردیا گیا ہے۔
ڈی ایچ اے بحریہ ٹاؤن اور بحریہ انکلیو میں 2ہزار سے لے کر 4ہزار اسکوائر یارڈز تک کے پلاٹس پر 2لاکھ 98ہزار ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ 8کنال کے فارم ہاؤس پر 1لاکھ 80ہزار اور 90 سے 120 کنال کے فارم ہاؤسز پر 4لاکھ 42ہزار روپے ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے بلیو ایریا کی کمرشل پراپرٹیز پر گراؤنڈ فلور میں ایک اسکوائر فٹ 32 روپے، بیسمنٹ میں 22 روپے، رہائشی اپارٹمنٹس پر 26 روپے ٹیکس عائد ہوا ہے۔ علاوہ ازیں پرائیویٹ اسپتالوں میں ایک اسکوائر فٹ 22 روپے پراپرٹی ٹیکس عائد کردیا گیا ہے۔
پیٹرول پمپس اور سی این جیز اسٹیشنز پر ایک اسکوائر یارڈ 180 روپے ٹیکس عائد کیا گیا ہے، شادی ہالوں میں ایک اسکوائر فٹ پر 113 روپے ٹیکس عائد کیا جا چکا ہے۔