تربت ایئرپورٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، سیکیورٹی فورسز نے چاروں دہشتگرد مار ڈالے

منگل 26 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت میں دہشتگردوں کی جانب سے ایئرپورٹ میں داخل ہوکر دہشتگردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے چاروں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

رپورٹس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے تربت ایئرپورٹ پر داخل ہونے کی کوشش کی، اور اس موقع پر فائرنگ بھی کی گئی تاہم سیکیورٹی فورسز نے دہشتگرد عناصر سے نمٹنے کے لیے بروقت کارروائی عمل میں لائی۔

ڈی ایس پی تربت چاکر حیات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو ایئرپورٹ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 مشتبہ دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ اس دوران کوئی اور جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایئرپورٹ میں کلیئرنس آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ قریب کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں اور فائرنگ سے اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور خوف و ہراس پھیل گیا۔

دوسری جانب بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ونگ مجید بریگیڈ نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل گوادر میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ کیا گیا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp