کارکنوں کے دباؤ پر پی ٹی آئی نے بھکر ضمنی الیکشن کے لیے افضل ڈھانڈلہ  کا ٹکٹ واپس لے لیا

جمعہ 29 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے پارٹی کارکنوں کے دباؤ کے بعد بھکر سے ضمنی الیکشن کے لیے افضل ڈھانڈلہ کا ٹکٹ کینسل کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنی کی پوسٹ میں پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’آپ سب کی رائے کو میں نے اور عمر ایوب نے بانی چیئرمین تک پہنچایا۔

پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کے بھکر کے مقامی نمائندوں اور قیادت کے اسرار پر انہوں نے افضل ڈھانڈلہ کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اگر مجموعی رائے اس کے خلاف ہے تو انہوں نے تنظیم کو اس معاملے پر مکمل اختیار دے دیا ہے۔ لہٰذا افضل ڈھانڈلہ کا ٹکٹ کینسل کیا جاتا ہے۔

واضخ رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے  دوران ضمنی انتخابات اور سینیٹ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارٹی قیادت پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ بھکر سے افضل ڈھانڈلہ کو ٹکٹ دینے پر کمیٹی ارکان نے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور افضل ڈھانڈلہ سے ٹکٹ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

 پی ٹی آئی کے ایک سینیئر رہنما نے کہا تھا کہ اگر ایسے لوگوں کو ٹکٹیں دینا ہیں تو پھر کارکن جیلیں کیوں کاٹ رہے ہیں؟ الیکشن جیتنا ضروری نہیں نظریہ کے ساتھ کھڑے رہنا ضروری ہے۔  ذرائع نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے نظر ثانی کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp