190ملین پاؤنڈ ریفرنس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا

بدھ 15 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ضمانت منظور کر لی اور رہائی کا حکم دیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے گزشتہ روز عمران خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ سائفر اور نکاح کیس میں سزا معطل نہ ہونے کے باعث 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ضمانت کے باوجود عمران خان جیل میں ہی رہیں گے۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے آزادی مارچ کے دوران تھانہ کھنہ میں درجہ مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان کو بری کردیا ہے۔

ضمانت کے کیس میں گزشتہ سماعت کا احوال

گزشتہ روز درخواست ضمانت پر سماعت کے موقع پر اسپیشل پراسیکیوٹر نیب امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ 190 ملین پاؤنڈ کی رقم حکومت پاکستان کو آنی چاہیے تھی، جس پر چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا وہ رقم جرم سے حاصل کردہ تھی؟

بینچ کے رکن جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ ساری زبانی باتیں کی جارہی ہیں، انہوں نے استفسار کیاکہ کیا آپ کے پاس آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ کے کوئی شواہد موجود ہیں۔

جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ صرف وہ بات کی جائے جس کے شواہد موجود ہوں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے پراسیکیوٹر سے سوال کیاکہ آپ جواب کیوں نہیں دے رہے۔ دستاویزات میں تو آپ اس کا جواب دے چکے ہیں۔

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے کہاکہ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں رقم بھیجنے کو عدالت عظمیٰ غلط قرار دے چکی ہے۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp